پنجاب

عمران خان کے دورہ ایران سے خارجیوں کی سازشیں خاک میں مل گئیں، پیر معصوم نقوی

لاہور: جمعیت علماء پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران کو سراہتے ہوئے زور دیا ہے کہ دونوں ممالک کا دہشتگردی کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا لائق تحسین ہے، امریکہ اور اس کے اتحادی پاکستان اور ایران میں دہشتگردی کروا کر دوریاں پیدا کرکے ان کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ہمسایہ ممالک کی سیاسی قیادت کو صبر و تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہونا چاہیے، امریکہ ہر سال اسلامی جمہوری ایران کی انقلابی حکومت کو ختم کرنے کیلئے اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے اور بجٹ مختص کرتا ہے جو دہشتگرد تنظیموں کی سرپرستی کیلئے ہی استعمال ہوتے ہیں، اس لیے دونوں ممالک کو بہت محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ کچھ خارجی اور داخلی عناصر ایران اور پاکستان کے درمیان غلط فہمی پیدا کرنا چاہتے تھے جن کے عزائم عمران خان کے دورہ ایران سے خاک میں مل گئے ہیں، دشمن یاد رکھے پاکستانی و ایرانی عوام ایسا نہیں ہونے دیں گے، مسلمانوں کے درمیان اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس پر حاضری اور ان کا ایران کے اندر شاندار استقبال، معاہدوں پر دستخط ،صدر حسن روحانی کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس اور بزنس کمیونٹی سے خطاب اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان محبت بھائی چارہ اور ایک دوسرے کیساتھ مل کر کام کرنے کا جذبہ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان ہونیوالے معاہدوں کے بعد دونوں ممالک مزید قریب آئیں گے اور تجارت ملک کی ثقافت اور تعلیمی میدان میں تعاون مزید بڑھے گا۔ دہشتگردی کیخلاف ہونیوالی کارروائیوں میں بھی دونوں ممالک اکٹھے کردار ادا کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close