پنجاب

پرویز الٰہی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نےکہا کہ کابینہ میں تبدیلی وزیراعظم یا وزیراعلیٰ کا استحقاق ہے، وزیراعظم کارکردگی کی بنیاد پر جسے وزیر لانا چاہیں، یہ کلی طور پر ان کا اختیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تمام ملاقاتیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مضبوط کرنے کے لیے ہیں، ہماری ساری جماعت مضبوطی کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھاکہ پارٹی کے اندر اور باہر اختلافات سیاست کا حسن ہوتے ہیں، بہت سی چیزوں کو درگزر کرکے چلنا پڑتا ہے۔

پرویز الٰہی نے مسلم لیگ (ن) سے رابطوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ سے کوئی رابطہ ہوا اور نہ چوہدری شجاعت کی کسی سے ملاقات ہوئی جب کہ مونس الٰہی کو کسی سے ملنے کی ضرورت نہیں، نہ ہماری ملاقات ہوسکتی ہے ، مونس اور حمزہ شہباز کی ملاقات کی خبر سراسر غلط ہے۔

واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان نے حالیہ دنوں میں وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کی ہیں جس کے بعد سے وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کی خبریں بھی زیرِ گردش ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے وزیراعلیٰ کے پی اور وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنی کابینہ پر نظر رکھنے کا کہا اور ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ٹیم میں تبدیلیاں کیں اور آگے بھی کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close