پنجاب

ہمارا کرپشن کی چمپئن ن لیگ، پی پی سے نہیں بلکہ کارکردگی کے میدان میں اپنے آپ سے مقابلہ ہے، ہمایوں اختر خان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ہمارا کرپشن کے ریکارڈ توڑنے والی (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی سے نہیں بلکہ کارکردگی کے میدان میں اپنے آپ سے مقابلہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کی تاریخ دیکھ لی جائے تو یہ اقتدار کی پارٹی ہے اور کبھی بھی عوام کیلئے سڑکوں پر نہیں آئی، تحریک انصاف کو پانچ سال کا مینڈیٹ ملا ہے اس لئے اپوزیشن صبرو تحمل کا مظاہرہ کرے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں ڈھنگ ٹپائو پالیسیوں سے کام چلایا گیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے، وزیراعظم عمران خان اصلاحات کے ذریعے معیشت کو مضبوط بنیاد یں فراہم کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے غیر معمولی فیصلے کئے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران پر امریکی پابندیوں کے نتیجے میں پاکستان کے ساتھ کیا ہوگا ؟ ہمایوں اخترخان نے خطرے کی گھنٹی بجادی

انہوںنے کہا کہ ہم نے معیشت کو دستاویزی شکل دینی ہے کیونکہ اس کے بغیر چور راستے بند نہیں ہو سکتے اور اپوزیشن اس میں حکومت کا ساتھ دینے کی بجائے نت نئے شوشے چھوڑ رہی ہے ۔پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ چاہتی ہے کہ ان کی اجارہ داری قائم رہے اور غریب اور پسے ہوئے طبقات کبھی خوشحال نہ ہوں۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت سے دس ماہ بعد ہی جوابدہی کرنے والے تھوڑا صبر کریں ،سابقہ حکمرانوںنے ملک میں جس طرح تباہی مچائی ہے اسے ٹھیک کرنے کے لئے کچھ عرصہ درکار ہے، ہمارے پاس پانچ سال کا مینڈیٹ ہے اور اس کے بعد ہم نہ صرف عوام کی عدالت میں پیش ہوں گے بلکہ سر خرو بھی ہوں گے۔

انہوںنے کہا کہ اپوزیشن بتائے دس ماہ کے اس عرصے میں حکومت کی سطح پر کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے آیا ہے جبکہ ان کے ادوار میں اس وقت تک کرپشن کی ہوشربا کہانیاں سامنے آ چکی ہوتی تھیں۔

انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے میثاق معیشت کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا لیکن اپوزیشن کی جانب سے پیشگی شرائط کرنے سے ہمارا موقف درست ثابت ہو گیا ۔اپوزیشن کو اس وقت عوام یا معیشت کی نہیں بلکہ اپنی سیاست کو بچانے کی فکر لا حق ہے اس لئے اے پی سی اور ضیافتوں کے نام پر اُٹھک بیٹھک کی جارہی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close