پنجاب

رانا ثناء اللہ کو کچھ ہوا تو وزیراعظم عمران خان ذمہ دار ہوں گے، شہباز شریف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے رانا ثناء اللہ کو کچھ ہوا تو عمران خان اور ان کی حکومت ذمہ دار ہوں گے۔

یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم رانا ثناء اللہ کے خاندان کا ساتھ دیں

لاہور میں رانا ثنا اللہ کی اہلِ خانہ ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم رانا ثنا اللہ کے خاندان کا ساتھ دیں اور انہیں اس بات کا احساس نہ ہو کہ پنجاب پی ایم ایل این لاہور چیپٹر کے صدر جیل میں گئے تو وہ اکیلے ہیں، ایسا نہیں ہے مسلم لیگ ن کی پوری قیادت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان بدترین سوچ اور ہتھکنڈے سامنے آچکے ہیں، پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ یہ بے بنیاد کیس ہے۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ اس سے پہلے نیب پوری کوشش کے باوجود کرپشن اور کک بیکس کا کیس نہ بناسکی اور رانا صاحب نے کہا تھا کہ عمران خان نے اس وقت پنجاب میں ڈی جی کرپشن جو اب نیب کے ڈپٹی چیئرمین ہیں انہیں سخت ہدایت کی تھی کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف بدعنوانی کا کیس چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اس میں ناکام ہوگئے تو انہوں نے خود مخبر بن کر 15 کلو ہیروئن کا کیس بنایا ہے اور پوری قوم اس پر حیران و پریشان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میری گرفتاری ظلم ہے اور ظلم کی حکومت زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی، رانا ثناء اللہ

شہباز شریف نے کہا کہ جب سے رانا ثنااللہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجا گیا ہے،ہمیں ان کی اہلیہ اور دوسرے ذرائع سے مصدقہ اطلاعات ملی ہیں کہ انہیں پینے کے لیے پانی اور کھانا نہیں دیا جارہا، آج ان کی اہلیہ کھانے لے کر گھنٹوں کھڑی رہیں، لیکن رانا ثنااللہ کو کھانا، پانی اور ادویات پہنچانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں عمران خان کا ریاست مدینہ کا تصور ہے جہاں جیل میں کھانا اور پانی بھی نہیں دیا جارہا۔

مسلم لیگ(ن) کے صدر نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے دل کی سرجری ہوئی ہے اور مجھے آج ان کی اہلیہ نے بتایا کہ ان کی دائیں آنکھ میں چند ماہ پہلے کوئی انفیکشن ہونے کے باعث ان کی بینائی متاثر ہوئی ہے اور وہ اس کی دوائی لے رہے ہیں، اس کے علاوہ ان کی کمر میں بھی درد رہتا ہے اور رانا ثنااللہ نے کبھی ہم سے ذکر نہیں کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان آپ فاشسٹ ہیں، آپ میں ہٹلر کے جراثیم ہیں لیکن اگر آپ قیدی کے ساتھ جو ایک رکن قومی اسمبلی ہیں، ان کی زندگی اور بیماری کے ساتھ کھیلیں گے تو نہ دنیا معاف کرے گی اور نہ خدا۔

انہوں نے کہا کہ میں فی الفور مطالبہ کرتا ہوں کہ رانا ثنااللہ کو ادویات، کھانا اور پانی ان کے حوالے کیا جائے اور ضروریات زندگی فراہم کی جائیں،اس میں تاخیر پر مجرمانہ غفلت کے عمران خان ذمہ دار ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مجھے اطلاع ملی کہ ان کے کمرے میں پنکھا اور بجلی کا بلب بھی نہیں ہے،وہ کوئی قتل کرکے تو نہیں آئے، دشمن بھی ایسا نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ میری تمام پاکستانیوں اور قومی اداروں سے دردمندانہ اپیل ہے کہ رانا ثنا اللہ کی ادویات اور علاج میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جو مجرمانہ غفلت کررہی ہے اس کا بھرپور نوٹس لیا جائے اور فی الفور انہیں طبی سہولیات فراہم کی جائیں ورنہ کچھ ہوا تو اس کی سو فیصد ذمہ داری عمران خان اور ان کی حکومت پر آئے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close