پنجاب

پیپلزپارٹی نے لاہور سے گو نواز گو کی تحریک کا آغاز کردیا

لاہور: پیپلزپارٹی پنجاب نے ‘‘گو نواز گو ‘‘تحر یک کے تحت لاہور میں احتجاجی جلسوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا جبکہ صدر پیپلز پارٹی پنجاب قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو ملزم اورمجرم قراردیدیا ہے ، کیا سپریم کورٹ گریبان سے پکڑ کر وزیراعظم ہاؤس سے باہر نکالے گی ؟نوازشر یف اور انکا خاندان کر پشن میں رنگے ہاتھوں پکڑ ا جا چکا ہے‘ ہماری قیادت کی قبروں کا احتساب بھی ہوتا رہا ہے ‘ مریم نواز کا نامہ پانامہ اور ڈان لیکس سے نکلنا قوم کو سمجھ نہیں آتا ‘حکمرانوں نے لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کیلئے گالی گلوچ بریگیڈ رکھا ہوا ہے ، جو کسی کا بھی لحاظ نہیں کرتے‘ کشکول توڑنے کا وعدہ کرکے حکمرانوں نے پوری قوم کے بچوں کو کشکول تھما دئیے‘ ہماری قیادت پر شہباز شریف نے جھوٹے مقدمات بنائے، کیچڑ اچھالتے رہے۔ یہ باتیں انہوں نے حکومت مخالف تحریک کے آغاز پر شاہدرہ میں رانا فقیر حسین کے ڈیرہ اور برکی روڈ پر پر ہونیوالے بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
اس موقع پر رہنماؤں ثمینہ خالد گھرکی، نوید چوہدری، چوہدری اسلم گل ،شاہدہ جبیں اوراسراربٹ سمیت ہزاروں پی پی پی کارکن موجود تھے جو حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ قمر زمان کائرہ کا میاں نوازشریف کو مخاطب کرکے کہنا تھا کہ 2 ججوں نے آپ کے خلاف فیصلہ دیا ہے باقی 3 ججوں نے بھی آپ کے حق میں فیصلہ نہیں دیا، سپریم کورٹ نے اتنا ہی کہنا تھا اور کیا سپریم کورٹ آپ کو گریبان سے پکڑ کر وزیراعظم ہاؤس سے نکالے گی؟ آپ نے اسمبلی کے فلور پر جھوٹ بولا قوم کے سامنے جھوٹ بولتے رہے، کتنی دلچسپ بات ہے کہ پانامہ لیکس کے ٹھیک 5 دن بعد نیوز لیکس بھی سامنے آگئی اور اس میں مریم بی بی کا نام ہی نہیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ نیوز لیکس میں طارق فاطمی کو بکرا بناکر اصل ذمہ داران کو چھپایا اور بچایاجارہا ہے لیکن میاں صاحب آپ نہیں بچیں گے۔
انہوں نے کہاکہ میاں برادران کی کرپشن کے قصے گھر گھر میں ڈسکس ہوتے ہیں لیکن اب انصاف ہوگا ۔ قوم کا بچہ بچہ اتفاق فاؤنڈری کی حقیقت جانتا ہے اس لئے آپ کے قصے کسی سے نہیں چھپے۔ ہماری حکومت کے بعد کیئر ٹیکر حکومت نے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھایا تاکہ لوگوں کو غصہ آئے جس نے بھی یہ کا م کیا اس کو عہدہ دیا گیا نواز شریف اپنے بھائی کی آنیاں جانیاں دیکھیں۔ قوم جانتی تھی کہ ایک چھوٹے سے کارخانے سے یہ سب کیسے آگے آئے ہماری قیادت پر الزام وہ ہیں جو سیف الرحمان اور شہباز شریف اور اس کے ساتھیوں نے لگائے سیف الرحمان کو کسی نے نہیں پوچھا ۔ہماری قیادت مشکل وقت میں جان دیدیتی ہے آپ کی طرح جدہ نہیں چلی جاتی ، شہید بھٹو نے پھانسی کا پھندا چوم لیا لیکن اپنی پاک دھرتی چھوڑ کر نہیں بھاگے۔
قمر زمان کائرہ نے کہاکہ حکمرانوں نے لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کیلئے گالی گلوچ بریگیڈ رکھا ہوا ہے ، جو کسی کا بھی لحاظ نہیں کرتے ۔ لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر حکومت کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم نے چار سال آپ کے تمام وعدے پورے ہونے کا انتظار کیا بالکل مزاحمت نہ کی تاکہ ہم پر الزام نہ آئے لیکن آج ہم ہزاروں کے مجمع کو گواہ بناکر کہہ رہے ہیں کہ آپ ناکام سیاستدان ہیں آپ نے عوام سے کیا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا ۔انہوں نے وزیراعلیٰ میاں شہبازشریف کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ نے 6ماہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کیا تھا اب تو 4سال ہوگئے ہیں لیکن آپ کی باتوں اورنیت سے یہی اشارہ مل رہا ہے کہ آپ کو لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے مزید 5سال چاہئیں لیکن ہم آپ کے وعدے پر اعتبارنہیں کریں گے ۔ آج ہر جگہ 14سے 18گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے ۔ آپ نے سٹیل مل ، ریلوے اور پی آئی اے کا خسارہ کم کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا۔ آپ نے کشکول توڑنے کا وعدہ کرکے پوری قوم کے بچوں کو کشکول تھمادئیے۔ ہماری قیادت پرشہباز شریف نے جھوٹے مقدمات بنائے ، کیچڑ اچھالتے رہے ، جب ذرا مشکل پڑی تو معاہدہ کرکے جدہ چلے گئے۔
قمر زمان کائرہ نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ خان صاحب! آپ کی سولو فلائٹ سے قوم کی خدمت نہیں ہوئی بلکہ آپ کی پالیسی سے نوازشریف مضبوط ہورہے ہیں، ہم نے کہا تھا کہ مل کر چلتے ہیں لیکن آپ نے ہماری ایک نہیں سنی ،کیونکہ آپ کو بات بہت دیر سے سمجھ آتی ہے ۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ 4 مئی کو مینار پاکستان کے اسی مقام پر ہم جاکر بیٹھیں گے جہاں پر شہباز شریف پنکھے والا ڈرامہ کر تے تھے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے دس ارب رشوت والا اہم انکشاف کیا ہے اس کو دیکھا جانا چاہئے۔ جلسے میں کارکنان مسلسل ’’گو نواز گو ‘‘کے نعرے بلند کرتے جبکہ قمر زمان کائرہ نے خود بھی حکومت مخالف اور ’’گونوازگو‘‘ والے نعرے لگوائے۔ قبل ازیں انہیں گاڑیوں کے لمبے قافلے میں اجتماع گاہ تک لایا گیا، کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے ، کئی مقامات پر تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے قمر زمان کائرہ کی گاڑیوں کے قافلے پر گل پاشی کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close