پنجاب

2017 ء میں احتساب نہ ہوا تو پھر کبھی نہیں ہوگا، سینیٹر سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ 2017 ءمیں احتساب نہ ہوا تو پھر کبھی نہیں ہوگا ، کچھ عناصر کرپشن کے خلاف چوکوں سے لےکر عدالتوں تک پھیلی قومی تحریک کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، شور شرابے اور غل غپاڑے کی گونج میں اس آواز کو دباناچاہتے ہیں لیکن اس بار انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا کیونکہ کراچی سے خیبر تک قوم کرپشن اور کرپٹ عناصر کے خلاف متحد ہوچکی ہے ، کرپشن کے خلاف جدوجہد کو سیاست کی نذر نہیں ہوناچاہیے ، ملک سے کرپشن کا خاتمہ انتہائی سنجیدہ اور قومی مسئلہ ہے ۔

منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ قومی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ملک بھر کے عوام کرپشن اور کرپٹ نظام کے خلاف چوکوں ، چوراہوں اور ملک کی اعلیٰ ترین عدالتوں تک متحد نظر آتے ہیں اور کرپشن کےخلاف شروع ہونے والی اس جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے کو تیار ہیں، اگر احتساب کی اس عوامی تحریک کو دبا دیا گیا اور کرپٹ عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہو گئے تو شاید اتنی بڑی عوامی تحریک دوبارہ منظم نہ ہوسکے ،اسی لیے کرپشن کے پروردہ عناصر اور سیاست کو دولت کا کھیل بنانے والے اس تحریک کو سبوتاژ کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کے لیے اسے سیاسی مفادات کا کھیل قرار دے رہے ہیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہم کسی ایک فرد کا نہیں ، سب کے احتساب کا مطالبہ کر رہے ہیں ، قوم چاہتی ہے کہ جن لوگوں کے نام پانامہ لیکس آف شور کمپنیوں ، دبئی اور لندن لیکس اور قرضے ہڑپ کرنے والوں کی فہرست میں ہیں ، ان سب کا بے لاگ اور بے رحمانہ احتساب ہو اور ان کے پیٹ پھاڑ کر قوم کے لوٹے گئے اربوں کھربوں روپے واپس لیے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف شدید اور قیامت خیز گرمی میں عوام بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہیں اور دوسری طرف قومی خزانہ لوٹنے والے ٹھنڈے ٹھار محلوں اور بنگلوں میں بیٹھے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ آج اگر عام آدمی تعلیم ، صحت ،روزگار اور چھت جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے تو اس کے مجرم وہ لٹیرے حکمران ہیں جنہوں نے ستر سال سے اقتدار پر قبضہ کر رکھاہے ، ان لوگوں نے اپنے لیے ملک اور بیرون ملک شیش محل تیار کیے ہیں جبکہ غریب کی جھونپڑی میں بیٹھے معصوم بچوں کو کھانے کو کچھ ملتاہے نہ پینے کے لیے صاف پانی میسر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی 2018ءمیں ایک بڑی عوامی قوت بن کر ابھرے گی ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close