پنجاب

کالا باغ ڈیم پر سیاست چھوڑ دیں، اگر کسی کو نام پر اعتراض ہے تو اس کا نام پاکستان ڈیم رکھ دیں، چوہدری پرویز الہٰی

لاہور: مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ بھاشا اور داسو ڈیم بننے میں 18 سال لگیں گے جبکہ کالا باغ صرف 6 سال کے عرصے میں مکمل ہو کر ڈھائی روپے فی یونٹ بجلی فراہم کر سکتا ہے اور اس سے ملک کو سیلابی صورتحال سے بچانے میں بھی مدد ملے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ خدا کے لیے کالا باغ ڈیم پر سیاست چھوڑ دیں اور سب مل کر اس کے لیے کام کریں ،بے شک اگر کسی کو نام پر اعتراض ہے تو اس کا نام پاکستان ڈیم رکھ دیں۔

لاہور میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے خلاف پراپیگنڈے پر حیران ہوں ،گزشتہ سالو ں میں کئی سیلاب آئے اور 30بلین ڈالر کا نقصان ہوا جبکہ کالا باغ ڈیم کی لاگت صرف 9بلین ڈالر ہے، یہ پراپیگنڈہ بھی غلط ہے کہ کالا باغ ڈیم بننے سے نوشہر ہ ڈوب جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم سے سب سے زیادہ پانی سندھ کو ملے گا اور تھر کی بنجر زمینیں آباد ہو جائیں گی ۔چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ اس ڈیم کی تعمیر سے سندھ کو چالیس لاکھ کیوسک ،پنجاب کو بائیس لاکھ کیوسک، خیبرپختونخواہ کو بیس لاکھ کیوسک اور بلوچستان کو پندرہ لاکھ کیوسک پانی ملے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ کالا باغ ڈیم ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،اسے نظر انداز نہ کیا جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close