پنجاب

پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کیس میں اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ بارش کا پہلا قطرہ ہے

لاہور : ہیر پھیر کی تہہ تک پہنچنا اشد ضروری ہے قوم کے سامنے حقائق آنے چاہئیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ رپورٹ چوری، خرد برد اور مشتبہ ذرائع سے فنڈنگ کی نشاندہی کرتی ہے، تبدیلی کا اصل چہرہ سامنے آنے پر لوگوں کے ہوش اڑ جائیں گے۔

فارن فنڈنگ اسکروٹننی کمیٹی کی رپورٹ پر قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے جاری بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ کیس میں اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ بارش کا پہلا قطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تہلکہ خیز رپورٹ میں تصدیق ہو گئی کہ پی ٹی آئی نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈز حاصل کیے، فنڈز کو کم دکھایا اور درجنوں بینک اکاؤنٹس چھپائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سات سالوں سے ان تحقیقات کو رکوانے کی تگ و دو میں مصروف عمران خان کے کارنامے قوم کے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ دوسروں پر من گھڑت الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف مستند رپورٹ چوری، خرد برد اور مشتبہ ذرائع سے فنڈنگ کی نشاندہی کرتی ہے۔ اس ہیر پھیر کی تہہ تک پہنچنا اشد ضروری ہے قوم کے سامنے حقائق آنے چاہئیں۔

ن لیگ کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ یہ فراڈ کروڑوں سے شروع ہوا ہے اور اربوں روپے تک جائے گا، تبدیلی کا اصل چہرہ سامنے آنے پر لوگوں کے ہوش اڑ جائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close