سندھ

نواز شریف نے استعفیٰ کیلئے مشورے شروع کردیئے، احسن اقبال، سعد رفیق، خواجہ آصف کا ڈٹ جانے کا مشورہ

کراچی: وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد عہدے سے مستعفی ہونے کیلئے مشورے شروع کردئیے ہیں، جبکہ احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ آصف نے ڈٹ جانے کا مشورہ دیا ہے۔ مقامی روزنامہ کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد میاں محمد نواز شریف نے وزیراعظم کے عہدے پر رہنے یا نہ رہنے کے حوالے سے اپنی کابینہ کے اہم وزراء اور قانونی ماہرین سے صلاح مشورے شروع کردیئے ہیں۔

اخبار کے ذرائع نے بتایا ہے کہ نواز کابینہ کے اہم وزراء خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق اور احسن اقبال سمیت بیشتر وزراء نے میاں محمد نواز شریف کا ڈٹ جانے اور مستعفی نہ ہونے کا مشورہ دیا ہے، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار اور پیر صدر الدین شاہ نے فوری طور پر عہدہ چھوڑنے اور عوام سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

اخبار کے مطابق اگر نواز شریف نے استعفیٰ دیا تو شہباز شریف اور سردار ایاز صادق میں سے کسی ایک کو مسلم لیگ ن کی جانب سے وزیراعظم کے عہدے کیلئے متبادل کے طور پر لانے کا امکان ہے، جبکہ قانونی ماہرین نے جے آئی ٹی رپورٹ سپریم کورٹ چیلنج کرنے کی تجویز دی ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن سندھ کی قیادت نے میاں نواز شریف کے حق میں سڑکوں پر آنے کے بجائے قانونی جنگ لڑنے کا مشورہ دیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close