سندھ

بجلی کی پیداواری کمپنیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں

کراچی:ہم سیلاب سے لوگوں کو بچانے میں مصروف ہیں، گرڈ اسٹیشن بھی ہم بچائیں؟

قائد اعظم کی 74ویں برسی کے موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور قائم مقام گورنر آغا سراج درانی نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیرِ اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ بابائے قوم کی قائدانہ صلاحیت کے باعث ہم آزاد ملک میں زندگی گزار رہے ہیں، قائد اعظم کے اس ملک کو ہم سب نے سنبھالنا اور سنوارنا ہے۔

مزارِ قائد پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ بجلی کی پیداواری کمپنیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، لوڈشیڈنگ پر وہ وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے ہم سیلاب سے لوگوں کو بچانے میں مصروف ہیں، گرڈ اسٹیشن بھی ہم بچائیں؟ تمام پاور کمپنیوں کے پاس اپنے انجینئرز اور عملہ موجود ہے۔

وزیرِ اعلی نے بتایا کہ ہمارے پاس جتنے پیسے تھے جو اسٹاک تھا ہم نے دوائیں خریدیں، سندھ میں سوا کروڑ کے قریب لوگ بے گھر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث صوبے میں سوا کروڑ کے قریب افراد بے گھر ہیں، سکھر، خیر پور، بدین سے لے کر تھر پارکر تک سیلاب سے تباہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پڈعیدن میں 1700 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی ہے، زرعی شعبے کو ساڑھے تین سو ارب روپے کا نقصان ہوا، گندم کی فصل مکمل طور پر ختم ہوگئی، نومبر دسمبر تک 75 فیصد علاقے میں گندم کی کاشت شروع کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس خطے کے لوگوں کا قصور نہیں ہے، موسمیاتی تبدیلی کا شکار آج پاکستان ہے، کل کوئی اور ملک ہوگا، جب سے یہ خطہ بنا ہےاس سے پہلے کبھی ایسی تبائی نہیں ہوئی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ سب قدرت سے لڑنے کی وجہ سے ہوا ہے، سندھ میں کئی مقامات پر آٹھ سے دس فٹ تک پانی موجود ہے، لوگوں کی بحالی کا پروگرم بنایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے کہا ہمیں پیسے نہیں چاہئیں، ہمیں ٹینٹس اور مچھر دانیوں کی ضرورت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ہر جگہ ڈیم نہیں بن سکتا ہے، آپ اگر کراچی میں یا جیکب آباد میں ڈیم بناسکتے ہیں تو بتا دیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی، پڈعیدن اور جیکب آباد میں ڈیم نہیں بن سکتے کیونکہ سندھ میدانی علاقہ ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close