سندھ

مہاجر دشمن قوتیں مہاجروں کو بھارت جانے اور سمندر برد کرنے کی باتیں کر رہی ہیں، ڈاکٹر سلیم حیدر

کراچی: مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی کے پرامن حالات اور مہاجروں کی کامیابی صرف اور صرف اتحاد میں مضمر ہے، اب وقت آگیا ہے کہ قاتل اور مقتول کی جنگ کو ختم کرکے آپس میں بیٹھ کر لائحہ عمل طے کیا جائے، تاکہ مہاجروں کی صحیح منزل کا تعین اور ان کے مقاصد کے تکمیل ممکن ہوسکے، ماضی کی غلط فیصلوں کا مداوا صرف اور صرف اسی میں ہے کہ مہاجر قائدین اور مہاجر اکابرین متحد ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ برسوں سے مہاجر کارکن اور مہاجر عوام قربانیاں دے رہے ہیں، اب مہاجر قیادت کو اپنی ذاتی انا اور مفادات کی قربانی دینی ہوگی، تاکہ کراچی اور حیدرآباد میں مہاجر مینڈیٹ اور مہاجروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے، آج تک مہاجر گمراہ کن نعروں اور پرفریب نعروں کی بھینٹ چڑھتے رہے، تمام تر اختیارات ہونے کے باوجود بھی مہاجر قوم کے ہاتھ اور دامن خالی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہاجر عوام تیزی سے مایوسی کی طرف بڑھ رہے ہیں کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ آج اُن کے حقوق کا تحفظ کرنے کے بجائے مہاجر قائدین آپس کے اختلافات اور گروہ بندی کا شکار ہوگئے ہیں، دوسری جانب مہاجر دشمن قوتیں اعلانیہ مہاجروں کو سندھ سے نکالنے اور سمندر برد کرنے کی باتیں کررہے ہیں، وہ مہاجر جو اپنے حصے کا پاکستان دے کر یہاں آئے تھے آج بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں، اپنے بھرے گھر چھوڑ کر آنے والے مہاجروں کے پاس رہنے کیلئے گھر بھی نہیں، ملازمت سے لے کر تک تجارت تک میں ان کے ساتھ استحصال کیا جارہا ہے، لہٰذا صورتحال کی تبدیلی کا ادراک کرتے ہوئے باہمی اختلافات کو بھلا کر آپس میں متحد ہونا ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close