سندھ

الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے شہر بھر میں مظاہرے ،متحدہ محب وطن جماعت ہے ،ہمارے خلاف باتیں کرنے والے تین ماہ کے مہمان ہیں:ایم کیوایم

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے قائد الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں 18مقامات پر مظاہرے کیے جن میں مظاہرین نے الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے ۔مظاہروں میں موجود متحدہ کے رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم محب وطن جماعت ہیں ،ہمارے خلاف باتیں کرنے والے کچھ ماہ کے مہمان ہیں ۔
گزشتہ روز سابق ضلع ناظم مصطفی کمال کی پریس کانفرنس میں الطاف حسین پر عائد الزامات کے بعد کراچی کی سیاسی صورتحال خاصی گرم ہو گئی ہے ،متحدہ نے بھی گزشتہ روز الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے لندن او ر کراچی سے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں مصطفی کمال کے الزامات کو مسترد کیا گیا ۔ آج ایم کیو ایم الطاف حسین کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا کر سڑکوں پر آگئی اور 18مقامات پر مظاہرے کیے ۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنماﺅں نے مختلف مقامات پر میڈ یا سے بات چیت بھی کی۔ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف باتیں کرنے والوں کی ڈوریں کہیں اور سے ہلائی جا رہی ہیں ،یہ لوگ تین ماہ کے مہمان ہیں پھرانہیں واپس چلے جانا ہے،ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے خلاف باتیں کرنے والے نئے ٹیسٹ ٹیوب بیبی ہیں جنہیں عوام مسترد کر چکی ہے ۔متحدہ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم محب وطن جماعت ہے ،ہمارے خلاف تیس سال سے سازشیں کی جا رہی ہیں ۔اس موقع پر نسرین جلیل نے کہاقائدایم کیو ایم کیخلاف ان لوگوں نے بات کی جن کوقائد نے عہدے دیے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close