سندھ

ادارے کمزور ہوں تو ملک کمزور ہوجاتا ہے، خورشید شاہ

سکھر: پیپلز پارٹی کے رہنماء اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ آج ملک بحران کا شکار ہے، جبکہ اداروں اور حکمرانوں میں تصادم دکھائی دے رہا ہے۔ سکھر میں عید ملن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جب ادارے کمزور ہو جائیں تو ملک کمزور ہو جاتا ہے، جبکہ سابق وزیراعظم اپنی ہی حکومت میں کہتا ہے کہ میرا قصور کیا ہے، وہ بتائیں کہ اداروں کو کس نے کمزور کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے زیادتی کی، کیونکہ حکومت کی اولین ترجیح غریبوں کی جیبوں سے پیسے نکلوانا ہے، یہ لوگوں کو لوٹنے کے نت نئے طریقے نکالتے ہیں، ہم (ن) لیگ کی حکومت کے خلاف نہیں ہیں، آج بھی پیپلز پارٹی اس بات پر قائم ہے کہ جمہوریت کا نظام چلنا چاہئے، ہم چاہتے ہیں (ن) لیگ کی حکومت اپنی مدت پوری کرے، کیونکہ جمہوریت ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈال سکتی ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جغرافیائی صورتحال بہت خطرناک ہے، آج ہم کشمکش کے حالات میں ہیں، ریاست کمزور ہوتی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان کسی اور کے نہیں اللہ کے رحم و کرم پر ہے، ہمیں دہشتگردی کیخلاف لڑتے 37 سال ہو گئے ہیں، 1250 ارب روپے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ضائع ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 80 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا، لیکن کیا وجہ ہے کہ آج ہم اتنے کمزور ہو گئے ہیں کہ کبھی امریکا اور کبھی ہمارا پڑوسی ملک دھمکیاں دیتا ہے، اتنی قربانیوں کے باوجود پاکستان کو دہشتگرد ملک کہا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ہماری نااہلی ہے کہ ہم دنیا کو دہشتگردی کے خلاف قربانیاں باور نہیں کرا سکے، جبکہ پاکستان وہ ملک ہے، جو کبھی دنیا میں پُرامن ملک کے نام پر پہچانا جاتا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close