سندھ

راحیل شریف برما جاو ہم آپ کے ساتھ ہیں، حافظ حسین احمد

جیکب آباد: جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ برما میں مسلمانوں کے قتل عام میں برمی حکومت کے پیچھے بھارت اور امریکا کا ہاتھ ہے، او آئی سی سے ہمیں کوئی توقع نہیں کیوں کہ ’’ او آئی سی‘‘ تو’’ آئی سی یو‘‘ میں ہے، 47 اسلامی ممالک کی فوج برما میں مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے کے لیے پیش قدمی کرے، جنرل راحیل شریف ’’برما کی طرف‘‘ قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ ہفتہ کے روز جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ صرف برما کے مسلمانوں کا نہیں مسلمان تو شام، عراق، فلسطین، کشمیر، افغانستان میں بھی قتل ہو رہے ہیں، قاتل صرف برمی حکومت نہیں بلکہ امریکہ بھی ہے جب تک ہم امریکہ کا ساتھ دیں گے تب تک مسلمان مرتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمیں او آئی سی سے کوئی توقع نہیں کیوں کہ’’ او آئی سی‘‘ تو خود’’آئی سی یو‘‘ میں ہے۔

جمعیت علماء کے رہنما نے کہا کہ47 اسلامی ممالک کی فوج اس لیے تشکیل دی گئی تھی کہ عالمی سطح پر دہشت گردی کو روکا جائے گا، کیا ان کو برما میں دہشت گردی نظر نہیں آ رہی؟، 47 اسلامی ممالک کی فوج کو برما میں ہونے والی دہشت گردی اس لیے نظر نہیں آرہی کیوں کہ اس دہشت گردی میں امریکہ ملوث ہے، انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف جن کے فرمانوں سے پاکستان میں کافی لوگ پریشان رہتے تھے اب وہ اسلامی ممالک کی فوج کے سربراہ ہیں اس لیے ہم کہتے ہے کہ جنرل راحیل شریف ’’برما کی طرف ‘‘ قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں۔

حافظ حسین احمد کا مزید کہنا تھا کہ ہم 70 سال سے غلامی کی زندگی گزار رہے ہیں خدا کے لیے اب بس کر دو، امریکہ پاکستان پر حملوں کی دھمکیاں اور دہشت گرد قرار دے رہا ہے لیکن ہمارے وزیر خارجہ کہتے ہیں کہ ہم امریکا کی دوستی کو چھوڑ نہیں سکتے جوکہ انتہائی افسوسناک ہے، حافظ حسین کا کہنا تھا کہ امریکہ افغانستان میں ہار چکا ہے اور اب وہ اپنی ’’ہار‘‘ کو پاکستان کے گلے کا ’’ہار‘‘ بنانا چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکی دوستی اس کے اپنے مفادات کے حوالے سے ہوتی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close