سندھ

سندھ نیشنل فرنٹ کا پی ٹی آئی میں انضمام، معاملات طے پاگئے

لاڑکانہ: سندھ نیشنل فرنٹ کے پاکستان تحریک انصاف میں انضمام کے لئے معاملات طے پاگئے ہیں، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے انضمام کے لئے سندھ نیشنل فرنٹ کی تمام شرائط کو تسلیم کرلیا ہے، 19 ستمبر کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان لاڑکانہ کا دورہ کریں گے جہاں پر 10 محرم الحرام کے لاڑکانہ میں جلسہ عام کا اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سندھ نیشنل فرنٹ کے رہنما امیر بخش بھٹو نے بنی گالہ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں سندھ نیشنل فرنٹ کے پاکستان تحریک انصاف میں انضمام کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ امیر بخش بھٹو نے عمران خان کو ایس این ایف کے پی ٹی آئی میں انضمام کے حوالے سے اپنے مطالبات پیش کئے۔ امیر بخش بھٹو نے عمران خان پر واضح کیا کہ انضمام کی صورت میں پاکستان تحریک انصاف پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم لندن سے کسی صورت مفاہمت نہیں کرے گی، 2018ء کے انتخابات کے بعد اگر پاکستان تحریک انصاف حکومت بنانے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو سندھ نیشنل فرنٹ کے ساتھ پیپلز پارٹی کے 9 سالہ دور حکومت میں ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے گا، بھٹو خاندان کے اصل وارث ہم ہیں، پی ٹی آئی حکومت مل جانے کی صورت میں بے نظیر بھٹو قتل کی دوبارہ تحقیقات کرائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے امیر بخش بھٹو کی جانب سے پیش کئے گئے تمام مطالبات مان لئے ہیں، جس کے بعد یہ فیصلہ ہوا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی 19 ستمبر کو حیدرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد لاڑکانہ کا دورہ کریں گے اور وہاں ہونے والے اجلاس میں ان معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں 10 محرم الحرام کے بعد لاڑکانہ میں جلسے کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا، جلسے سے عمران خان اور سردار ممتاز بھٹو خطاب کریں گے، اسی جلسے میں سندھ نیشنل فرنٹ کے پاکستان تحریک انصاف میں انضمام کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close