سندھ

کراچی کے درودیوار پہ پرویز مشرف کے حق میں چاکنگ

کراچی: سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے بینظیر بھٹو کے قتل کا الزام آصف علی زرداری پر لگائے جانے کے بعد کراچی میں مختلف جگہوں پر پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ دیکھنے میں آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پرویز مشرف نے اپنے ایک 11 منٹ طویل ویڈیو بیان میں الزام لگایا تھا کہ بینظیر بھٹو اور ان کے بھائی میر مرتضیٰ بھٹو کو سابق صدر آصف علی زرداری نے قتل کرایا۔ مشرف کے اس الزام پر پیپلز پارٹی کی جانب سے شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا، پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ بینظیر بھٹو کو مشرف نے ہی قتل کرایا جبکہ آصف زرداری نے بھی پرویز مشرف پر اس قتل کا الزام عائد کیا۔ دونوں جانب سے لگنے والے الزامات کے بعد جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کراچی کے بعض علاقوں میں سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کردی گئی۔ دیواروں پر جیے مشرف اور سب سے پہلے پاکستان کے نعروں کے ساتھ ان کی سیاسی جماعت اے پی ایم ایل کا نام بھی درج کیا گیا ہے، بتایا گیا ہے کہ یہ وال چاکنگ کراچی کے ضلع وسطی کے علاقوں لیاقت آباد اور کریم آباد میں کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے کراچی میں ایم کیو ایم کے بانی قائد الطاف حسین کے حق میں وال چاکنگ کی جاتی تھی، گزشتہ دنوں ان کی سالگرہ کے موقع پر بھی ان کے حق میں وال چاکنگ دیکھنے میں آئی، لیکن یہ اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ ہے کہ کراچی میں پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کی گئی ہو۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close