سندھ

کراچی میں تیز دھار آلے سے لڑکیوں پہ ہونیوالے حملوں میں تیزی

کراچی: خواتین پر تیز دھار آلے کی مدد سے حملے کے واقعات میں اچانک تیزی آ گئی اور پولیس کی پہنچ سے دور حملہ آور نے گزشتہ ایک گھنٹے کے دوران مزید تین خواتین کو زخمی کر دیا۔ کراچی میں تیز دھار آلے سے حملے گلستان جوہر کے بعد دیگر علاقوں میں بھی پھیل گئے اور موٹر سائیکل پر سوار حملہ آور نے گزشتہ ایک گھنٹے کے دوران مختلف واقعات میں تین خواتین کو زخمی کردیا۔ ایس پی گلشن اقبال کے مطابق تینوں خواتین کو تیز دھار آلے سے زخمی کیا گیا اور یہ واقعات نیپا چورنگی، راشد منہاس روڈ اور ڈالمیا کے قریب پیش آئے۔ پہلا حملہ گلشن جمال میں کیا گیا جس میں سونیا نامی لڑکی زخمی ہوئی، دوسرا حملہ راشد منہاس روڈ پر نورین اور تیسرا حملہ نیپا چورنگی کے قریب عریشہ پر کیا گیا۔ نیپا چورنگی کے قریب زخمی ہونے والی لڑکی عریشہ اردو یونیورسٹی کی طالبہ ہے۔ تینوں حملوں میں زخمی ہونے والی خواتین کو طبی امداد کے لئے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ خواتین پر تیز دھار آلے سے پہلا حملہ گزشتہ ماہ 25 ستمبر کو گلستان جوہر کے علاقے میں ہوا تھا اور اس کے بعد سے اب تک خواتین پر حملوں کے 9 واقعات ہو چکے ہیں۔ حکومت کی جانب سے حملہ آور کی گرفتاری میں معاونت کرنے پر 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کر رکھا ہے لیکن اس کے باوجود حملہ آور تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close