سندھ

کراچی: شادمان ٹاؤن سے بینک ڈکیتی میں ملوث 5 ڈاکو گرفتار ،80 لاکھ روپے برآمد

کراچی: شادمان ٹاؤن میں ایک روز قبل نجی بینک سے  مسلح ملزمان عملے کو یرغمال بنا کر نقدی لے کر فرار ہوگئے تھے۔

ڈسٹرکٹ سینٹرل کی پولیس نے شادمان ٹاؤن میں بینک ڈکیتی کی واردات میں ملوث ڈاکوؤں کے 5 رکنی گروہ کو گرفتار کر کے 80 لاکھ روپے نقد برآمد کرلیے۔

واردات کے بعد پولیس نے ٹیکنکل بینادوں پر سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے بینک ڈکیتی کی واردات میں ملوث 5 ملزمان اسحاق ، صدیق ، عبدالغفار ، منصور اور عمران کو گرفتار کر کے بینک سے لوٹی گئی تمام رقم برآمد کرلی۔

پولیس نے واردات میں استعمال کیے جانی والی 3 پستول ، بینک کے گارڈ سے چھینا گیا 12 بور ریپیٹر اور 30 بور پستول کے علاوہ واردات میں استعمال کی جانے والی 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلیں۔

دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزمان اسحاق اور غفار نے ایک روز قبل بینک کی ریکی بھی کی تھی جبکہ فوٹیج میں ملزم اسحاق اور منصور بینک کے کاؤنٹر سے رقم جمع کر کے اپنے ہمراہ لائے گئے بیگ ڈالتے ہوئے بھی دکھائی دیئے اور ان دونوں نے غفار کے ہمراہ بینک میں داخل ہوتے ہی گارڈ سے اسلحہ چھینا تھا۔

گرفتار ملزمان آپس میں رشتے دار ہیں اور ان کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے ہے جبکہ گرفتار ملزم اسحاق 2010 سے سیکیورٹی گارڈ کی نوکری کرتا رہا ہے، گرفتار ملزمان عبدالغفار 3 بار شارع فیصل پولیس کے ہاتھوں گرفتار ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحے کے الزام میں گرفتار ہو چکا ہے جبکہ صدیق ایک بار شارع فیصل اور منصور ایک بار سولجر بازار پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ایس آئی یو جنید شیخ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ایس آئی یو پولیس کی مشترکہ کوششوں کی بدولت بینک ڈکیتی کے ملزمان کا فوری سراغ لگا کر انھیں قانون کی گرفت میں لیا گیا ہے جبکہ کراچی پولیس چیف نے پولیس پارٹی کے لیے 10 لاکھ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close