سندھ

نواز شریف اپنی مشکلات کا ملبہ جمہوریت پہ نہ ڈالیں، خورشید شاہ

سکھر۔ قومی اسمبلی اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ جمہوریت کی خاطر پہلے نواز شریف کو ایک بار بچایا تھا لیکن اب کسی صورت نہیں بچائیں گے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے آصف زرداری سے متعلق بیان پر قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے ردعمل میں کہا کہ نواز شریف وہ دن یاد رکھیں جب انہوں نے زرداری کے ساتھ ملاقات سے انکار کیا تھا، نواز شریف نے بھی اس وقت کسی کو خوش کرنے کیلئے یہ ملاقات نہیں کی تھی، میاں صاحب یہ بتائیں کہ اس وقت کس کو خوش کرنے کیلئے انہوں نے ایسا کیا تھا، میاں صاحب یہ مکافات عمل ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اب نواز شریف مشکل میں ہیں، جمہوریت مشکل میں نہیں، نوازشریف اپنی مشکلات کا ملبہ جمہوریت پر نہ ڈالیں بلکہ میاں صاحب جمہوریت کو مشکل میں آنے سے بچائیں۔ ہم نے بار بار ان سے کہا کہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں لیکن انہوں نے بات نہ سنی۔ جمہوریت بچانے کیلئے پہلے بھی نواز شریف کو ایک بار بچایا مگر اب کسی صورت نہیں بچائیں گے۔ واضح رہے کہ آج احتساب عدالت میں پیشی کے دوران نواز شریف نے کہا تھا کہ زرداری مجھے گالیاں نہیں دے رہے بلکہ کسی اور کو خوش کررہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close