سندھ

پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے توہین عدالت قانون ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد : پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے توہین عدالت قانون ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اس قانون کا غلط استعمال ہوتا ہے اور سیاسی لوگوں کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے۔ 

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون کا اجلاس ہوا جس میں توہین عدالت قانون کے ترمیمی بل پر غور کیا گیا جس دوران پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم اراکین نے توہین عدالت قانون ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک بابر اعوان کا کہنا تھا کہ توہین عدالت قانون سیاسی لوگوں کے خلاف استعمال ہوتا ہے ، اس قانون میں ترمیم نہیں بلکہ اس کا مکمل خاتمہ ہونا چاہئے کیونکہ اکثر ممالک میں اس کا خاتمہ ہو بھی چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایڈہاک ازم ایک سرطان ہے اس لئے عدلیہ سے ایڈہاک ازم بھی ختم کرنا چاہئے۔ اجلاس میں شریک پیپلز پارٹی کے رہنماءفرحت اللہ بابر نے توہین عدالت قانون کے خاتمے کی مخالفت بھی کی اور کہا کہ توہین عدالت قانون کا غلط استعمال کیا جاتا ہے لیکن اسے ختم نہیں ہونا چاہئے اور اس معاملے پر عوامی بحث ہونی چاہئے۔

ایم کیو ایم کے رکن بیرسٹر محمد سیف نے کہا کہ توہین عدالت کا قانون ہر معاملے میں استعمال کرنا کہاں کا انصاف ہے۔ توہین عدالت کا قانون انصاف کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہا ہے اس لئے اسے ختم کرنا چاہئے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے توہین عدالت قانون پر سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے رائے لینے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ اس معاملے پر اٹارنی جنرل سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close