سندھ

پی ٹی آئی کراچی کی قیادت سے مایوس ہوکر ایم کیو ایم میں شامل ہوا ،پیسے لینے کا الزام غلط ہے: امجد اللہ خان

کراچی: پی ٹی آئی کو جھٹکا دینے والے امیدوار امجداللہ خان نے کہا ہے کہ اپنی مرضی سے پی ٹی آئی کراچی کی قیادت کے رویے سے مایوس ہوکر ایم کیو ایم میں شامل ہوا ہوں، پیسے لینے کا الزام جھوٹ پر مبنی ہے ، میرے گھر والوں کی زبردستی ویڈیو بنا کر اسے غلط رنگ دیا جارہا ہے۔
ایم کیو ایم رہنما وں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے امجداللہ خان کا کہنا تھا کہ میں ایم کیو ایم میں اپنی مرضی سے آیا ہوں اور مجھ پر کسی قسم کا دباو نہیں اور اپنی انڈسٹری چلارہاہوں اس لیے پیسوں یا عہدے کا کوئی لالچ نہیں ہے۔ ایم کیو ایم میں ایک عام کارکن کی حیثیت سے شامل ہوا ہوں اور اپنا کام جاری رکھوں گا۔ پی پی کا پیسے لینے کا الزام غلط ہے حالانکہ پی پی نے خود پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا تھا کہ ایک ، ایک سیٹ بانٹ لیتے ہیں۔عمران خان سے بہت متاثر تھا جس کی وجہ سے پی ٹی آئی میں شامل ہوا لیکن پی ٹی آئی کراچی کی قیادت کے رویے سے بہت زیادہ مایوسی ہوئی ۔ عمران خان سے کہوں گا کہ آپ کے پاس پارٹی میں بہت اچھے کارکن موجود ہیں انہیں سامنے لے کر آئیں ۔
الیکشن کے خرچے کے حوالے سے امجداللہ خان کا کہنا تھا کہ مجھے پولنگ ایجنٹس کے حوالے سے 24 سے 25 لاکھ روپے کا خرچہ بتایا گیا اور کہا گیا کہ یہ پولنگ ایجنٹس پر خرچ ہونگے ۔ کتنے شرم کی بات ہے کہ ان کے پاس اپنے لوگ ہی موجود نہیں ہیں کہ وہ بطور پولنگ ایجنٹس رضاکارانہ ڈیوٹی دے سکیں۔
انہوں نے اپنے والد کی ویڈیو کو جھٹلاتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے رات کو میرے گھر والوں کو تنگ کیا اور ان کی زبردستی ویڈیو بنا کر اسے غلط رنگ دیا گیا ہے 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close