سندھ

امید ہے اب سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت نہیں ہوگی، عارف علوی

کراچی: تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اس بار 25 دسمبر کو ہونے والا جلسہ ہمارے ہی 2011ء کے جلسے کا ریکارڈ توڑے گا، اس شہر کو اس شہر کے ہی ٹھیکیداروں نے اجاڑا ہے، اس شہر میں کوئی میدان نہیں بچے اور جو بچے تھے ان پر قبضے کرلئے گئے، ہم پر امید ہیں کہ سندھ میں اب پیپلز پارٹی کی حکومت نہیں ہوگی بلکہ تحریک انصاف کی حکومت ہوگی، اس شہر میں امن قائم کرنے کا سہرا انٹیلی جنس ایجنسیز کے سر جاتا ہے، کراچی شہر میں اب بھی تحریک انصاف کا ووٹ بینک سب سے زیادہ ہے۔ یہ باتیں انہوں نے مزار قائد کے عقب باغ جناح میں 25 دسمبر کے حوالے سے جلسہ گاہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر علی زیدی، مرکزی رہنما عمران اسماعیل، خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ، فیصل جاوید خان، افتخار درانی، جمال صدیقی، الیاس شیخ، دوا خان صابر، اظہر لغاری، طاہر ملک، راجہ اظہر، سرور راجپوت، شہزاد قریشی، فہیم خان، صائمہ ندیم، عائشہ وارثی اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی سینئر نائب صدر علی زیدی نے کہا کہ 2013ء کے عام انتخابات میں کراچی کے عوام نے تحریک انصاف پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے لاکھوں کی تعداد میں ووٹ دیئے لیکن بدقسمتی سے ماضی میں شہر پر قابض مافیا نے کراچی کے حق پر ڈاکہ ڈالا، ہم کسی کی بھی عام معافی قبول نہیں کریں گے، کراچی کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں کو سزا ملنی چاہیئے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ اس جلسے کے سامنے بلاول کا جلسہ ایک ولیمے کی تقریب کے مترادف ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close