سندھ

تنگ کرنا بند کیا جائے کہیں ہم مہاجر صوبے کی طرف نہ چلے جائیں، کامران ٹیسوری

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہمیں پارٹی کے معاملات پر اختلافات ہیں جو جلد فاروق ستار سے مل کر دور کرنے کی کوشش کریں گے اور ہمیں تنگ کرنا بند کیا جائے کہیں ہم مہاجر صوبے کی طرف نہ چلے جائیں۔ کامران ٹیسوری نے فاروق ستار کی والدہ، اہلیہ اور متحدہ رہنما علی رضا عابدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار کی والدہ میری والدہ کی طرح ہیں وہ یہ سن کر مجھے منانے یہاں پہنچی ہیں کہ میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں حالانکہ ایسا نہیں ہے، ہر پارٹی میں اختلاف رائے ہوتا ہے، کچھ باتوں پر میرا اور علی رضا عابدی کا پارٹی سے اختلاف ہے جب کہ قیادت کو اس سے آگاہ کیا ہے، ہم جلد فاروق ستار کے ساتھ نشست میں ان تحفظات کو دور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت میری اور علی رضا عابدی کی کردار کشی کی جارہی ہے، کچھ نادان دوست یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اس کردار کشی کے ذریعے ہماری زبان کو تالے لگوا دیں گے تو یہ ان کی بھول ہے، ہمیں کبھی لندن اور کبھی کسی کے ساتھ جوڑا جارہا ہے، ممکن ہے آئندہ چند دنوں میں ہمیں کسی بڑے مقدمے میں پھنسا دیا جائے۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی اور دیہی علاقوں میں مہاجروں کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے وہ شاید بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انڈیا میں مسلمانوں کے ساتھ بھی نہ کیا ہوگا، میں چاہتا ہوں مہاجر قلم اٹھائیں، کیا مہاجروں کو روزگار حاصل کرنے کا حق نہیں؟ کیوں انہیں بے روزگار رکھا جارہا ہے۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 برس سے وفاقی و صوبائی حکومتوں کا ہم سے رویہ درست نہیں، شاید کچھ ادارے اب تک یہ سمجھتے ہیں کہ ہم اب بھی لندن سے جڑے ہیں تو یہ درست نہیں، ہم پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا چکے ہیں، ہم پنڈروا بکس نہیں کھولنا چاہتے اور فاروق ستار کی ہدایت پر اپنی زبان کو بند رکھا ہے۔ ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ کا گورنر مہاجر ہونا ہمارا حق تھا لیکن وہ بھی نہ ہوا، سندھ کا گورنر بھی مہاجر نہیں، شاید ہمیں سندھ میں رہنے کا بھی حق نہیں، مہاجروں کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ مہاجر صوبے کی طرف چلے جائیں۔ انہوں نے وزیراعظم اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ وہ مہاجروں پر ہونے والے مظالم بند کرائیں۔ واضح رہے کامران ٹیسوری کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کی افواہیں گردش کررہی تھیں جس کے باعث ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی والدہ اور اہلیہ کامران ٹیسوری کو منانے ان کے گھر پہنچیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close