سندھ

کرپشن کے گاڈ فادر نواز شریف کو عدالت نے گھسیٹا تو کرپٹ مافیا کو باری کا پیغام گیا، عمران خان

کراچی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو جب عدالت نے جے آئی ٹی میں گھسیٹا تو کرپٹ مافیا کو پیغام گیا کہ اب سب کی باری آئے گی۔ کراچی بار کی تقریب میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تاریخ بتاتی ہے کبھی عدالتوں نے طاقت ور پر ہاتھ نہیں ڈالا، جہاں طاقتور کے لئے ایک اور کمزور کے لئے دوسرا قانون ہو تو وہ معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ عمران خان نے کہا کہ پاناما کیس سے متعلق سوا سال تک جو جہاد ہوا اس کا فیصلہ کن وقت ہے اور اب ہمیشہ کے لئے پاکستان بدل چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کبھی اس ملک میں طاقتور مافیا کو کٹہرے میں نہیں لایا گیا اور نواز شریف کو عدالتوں اور جے آئی ٹی میں گھسیٹا گیا تو کرپٹ مافیا کو پیغام گیا کہ اب ان کی بھی باری آئے گی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا، وہ یہ نہیں کہہ رہے ہیں ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی بلکہ کہہ رہے ہیں کہ وہ طاقت ور ہیں اور عدالتیں انہیں کیسے بلاسکتی ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو معلوم ہے کہ قانون کہتا ہے کہ پبلک آفس ہولڈر کو اثاثوں کا جواب دینا پڑتا ہے لیکن انہوں نے کہا کہ آمدن سے زائد اثاثے ہیں تو تمھیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ جو یہ کہہ رہے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے تو انہیں اپنی کرپشن خطرے میں دکھائی دے رہی ہے۔ چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کرپٹ مافیا اقتدار میں آجاتی اور اقتدار سے جاتے ہیں تو جیل چلے جاتے ہیں، پیپلز پارٹی کی پہلی حکومت ختم کی گئی تو آصف زرداری وزیراعظم ہاؤس سے جیل گئے اور پھر حکومت آئی تو وہ دوبارہ وزیراعظم ہاؤس آئے۔ عمران خان نے کہا کہ پہلے قانون کی بالادستی ہوتی ہے پھر ترقی اور خوشحالی آتی ہے، کوئی بھی ملک قانون کی بالادستی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، امید ہے آنے والے دنوں میں ایسی بڑی تبدیلی آرہی ہے اور اسی سے پاکستان اٹھے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close