سندھ

ملتِ پاکستان فلسطین کاز کے ساتھ ہیں، القدس فلسطین کا دارالحکومت ہے، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان

کراچی: پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں نے امریکی صدر کے فلسطین و القدس سے متعلق یک طرفہ فیصلہ اور اعلان کو مسترد کرتے ہوئے شدید مذمت اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے، اس عنوان سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب میں آل پارٹیز پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یروشلم (القدس) فلسطین کا دارلحکومت ہے اور امریکا سمیت دنیا کے کسی بھی ملک کو یہ اختیار اور حق حاصل نہیں ہے کہ وہ فلسطین کا ایک انچ بھی غاصب صیہونیوں کو دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین پورا فلسطینیوں کا ہے اور اسرائیل کا وجود ناجائز اور غاصبانہ ہے جس کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس سے سابق رکن قومی اسمبلی مظفر ہاشمی، حاجی حنیف طیب، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، سابق رکن قومی اسمبلی محمد عثمان نوری، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل شیخ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مولانا باقر زیدی، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما سید طارق حسن، پاکستان تحریک انصاف کے اسرار عباسی، جمعیت علماء پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی، نظام مصطفی پارٹی کے الحاج محمد رفیع، آل پاکستان سنی تحریک کے مطلوب اعوان قادری، پاکستان مسلم لیگ نواز کے ازہر علی ہمدانی، نیشنل انٹر فیتھ کونسل آف پاکستان کے راؤ ناصر علی، جناح کے سپاہی کے چیئرمین اویس ربانی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مقررین نے جکارتہ میں ہونے والی عالمی فلسطین کانفرنس میں ہونے والے اہم فیصلوں اور اعلان جکارتہ بھی پڑھ کر سنایا۔

سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کا القدس (یروشلم) سے متعلق بیان دراصل امریکی و اسرائیلی شکست کا اعتراف ہے، کیونکہ امریکا اور اسرائیل نے فلسطین کاز کو پس پشت ڈالنے کے لئے نت نئی سازشوں کا سہارا لیا اور بالآخر تمام سازشوں کی ناکامی کے بعد اب القدس کو غاصب صیہونیوں کا دارالحکومت قرار دینے کا یکطرفہ اعلان کرکے ثابت کر دیا ہے کہ امریکا فلسطین کاز کو ختم کرنے کے در پے ہے، لیکن اس کے برعکس پوری دنیا بالخصوص یورپ نے بھی امریکی صدر کے اعلان کو مسترد کردیا ہے جس کے بعد فلسطین کاز نہ صرف یورپی دنیا بلکہ پوری اسلامی دنیا میں بھی نئے جوش اور ولولے کے ساتھ ابھر کر سامنے آرہا ہے، ہم تحریک آزادئ فلسطین اور اسلامی مزاحمتی تحریکوں کی مکمل سیاسی و اخلاقی حمایت کا اعلان کرتے ہین اور اعلان کرتے ہیں کہ القدس (یروشلم) فلسطین کا دارالحکومت ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت تبدیل یا صیہونیوں کی گود میں نہیں ڈال سکتی۔ اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے القدس کے مسئلہ پر خصوصی تصویری نمائشوں کے انعقاد کا اعلان بھی کیا گیا جو ملین مارچ اور حسین آباد میں ہونے والے تقریری مقابلوں کے پروگرام میں لگائی جائیں گی۔ بعد ازاں شرکائے آل پارٹیز پریس کانفرنس نے امریکی صدر کے یروشلم سے متعلق یک طرفہ فیصلہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور امریکا مردہ باد، اسرائیل نا منظور سمیت فلسطین زندہ باد، القدس کی آزادی کے نعرے بھی بلند کئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close