سندھ

وزیراعظم نامزد کرنے کا حق عوام کا ہے، خورشید شاہ

سکھر: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ نواز شریف یا کسی کو حق نہیں کہ وہ فیصلہ کرے کہ اگلا وزیراعظم کون ہوگا یہ حق ملک کے 20 کروڑ عوام کا ہے اور وہی فیصلہ کریں گے کہ اگلا وزیراعظم شہباز شریف، بلاول یا عمران خان ہوگا۔

سکھر کی تحصیل پنوعاقل کے گاؤں کمال خان انڈھڑ میں علاقے کی معزز شخصیت سردار علی گوہر خان انڈھڑ کی جے یو آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ لوگ مجھ سے سوال کرتے ہیں کہ پارلیمنٹ کیوں خالی ہے تو میں جواب دیتا ہوں کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی جس کی وجہ سے وہ کہتے پھر رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا اور آج ان کے وزیر پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ ایک بولتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا دوسرا بولتا ہے مجھے کیوں بلایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پھانسی پر چڑھنے سے پہلے یہ نہیں پوچھا تھا کہ مجھے کیوں یہ سزا دی گئی، بینظیر نے یہ نہیں کہا تھا کہ مجھے کیوں مارا، پیپلز پارٹی نے تو اس ملک وقوم اور جہموریت کے لیے قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں بھٹو زندہ ہوتے تو فاٹا کب کا پاکستان کا حصہ بن چکا ہوتا لیکن انشاء اللہ فاٹا کو پاکستان میں شامل کرنے کا کریڈٹ بھی پیپلزپارٹی کو ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام جماعتیں ملک وقوم کے لیے جان ومال کی قربانی دینے کا دعوی کرتی ہیں مگر کسی نے جان تو دور مال تک کی قربانی نہیں دی بلکہ جان ومال کو لوٹا ہے جبکہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس نے جانیں بھی دی ہیں اور مال بھی دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اس کا جھنڈہ اس ملک میں جہموریت، خوشحالی، ترقی و آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے اگر اسے اقتدار کی سیاست کرنا ہوتی تو محترمہ بینظیر بھٹو دہشت گردی کے ایک حملے کے بعد واپس نہ آتیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close