سندھ

عمران خان جلد سیاست سے فارغ ہوجائیں گے کیونکہ انہیں گالم گلوچ کے علاوہ کچھ نہیں آتا، مولا بخش چانڈیو

حیدرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان بہت جلد سیاست سے فارغ ہوجائیں گے، کیونکہ انہیں گالم گلوچ کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر صغیر احمد قریشی کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ تحریک انصاف والے سندھ میں شوگر ملوں اور آبادگاروں کے نام پر سیاست کر رہے ہیں، جبکہ سندھ میں تحریک انصاف کا کوئی وجود نہیں ہے اور نہ حیدرآباد میں ان کے کارکنان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادگاروں کے ساتھ پیپلز پارٹی بھی ہے، مگر آبادگاروں کا جو بھی مسئلہ ہے اور سندھ میں شوگر ملیں نہیں چلائی جاسکی ہیں، یہ سب وفاق کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اب عوام کو یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ سب ادارے ان کے اشارے پر چلتے ہیں مگر اب ایسا نہیں ہوگا اور یہی لوگ کچھ دنوں بعد اداروں پر تنقید کرتے نظر آئیں گے، نواز شریف کی پیپلز پارٹی پر تنقید بلاجواز ہے، نواز شریف عمران خان کو لاڈلا کہتے ہیں، میری نظر میں دونوں ہی لاڈلے ہیں، عمران خان کبھی وزیر اعظم نہیں بن سکتے، کیونکہ انہیں انگلی دھوکہ دے گئی ہے اور اب وہ نجومیوں کے اشارے پر سیاست کر رہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close