سندھ

عمران خان سنی لیون کی طرح ہر وقت خبروں میں رہنا چاہتے ہیں، مشاہد اللہ خان

کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری اطلاعات اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو سی پیک کی سزا دی گئی ہے، پانامہ ایک سازش تھی، عمران خان کی شادی انکا ذاتی مسئلہ ہے، تاہم کسی کے گھر میں گھس کر ایسا کام نہیں ہونا چاہیئے تھا، 2013ء میں جب ہماری حکومت آئی اس وقت سے نواز شریف کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی رہیں، چین کے صدر کا دورہ تک ملتوی کرایا گیا۔ وہ کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ بنیادی مسائل ہم نے حل کرلئے ہیں، بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ پر قابو پایا ہے، جہاں حکومت نہیں تھی وہاں بھی مسائل کو حل کیا، کرپشن اور دہشتگردی عروج پر تھی، کراچی میں ایک ایک دن میں حکمرانوں کے ہاتھوں سو سو لوگ مارے جاتے تھے، بھتہ خوری سے لیکر ٹارگٹ کلنگ یہاں عروج پر تھی جسکا ہم نے خاتمہ کیا، کون سا کام تھا جو یہاں نہیں ہوتا تھا اسکا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج وہی ادارے ہیں ہڑتالیں، خودکش حملے اور دہشتگردی کافی حد تک ختم ہوگئی ہے، معیشت مضبوطی کی طرف گامزن ہے موٹر وے بنایا گیا، زرداری صاحب نے 25 دورے چین کے کئے کیوں سی پیک نہیں بنایا؟ انہیں معلوم تھا کہ ان کے پیسوں کا کیا بنے گا، نواز شریف آیا تو سی پیک بننا شروع ہوا، زرداری نے کیوں کراچی حیدرآباد موٹر وے نہیں بنایا؟ انہوں نے کہا کہ کبھی عمران خان اور کبھی قادری آیا راستے روکے گئے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے لاڑکانہ اور بے نظیر آباد کے ساتھ کیا کیا ہے، زرداری اور عمران خان کوئی ایک میگا پروجیکٹ بتا دیں جو انہوں نے ملک کو دیا ہو؟ ہم پورے ملک میں اپنے میگا پروجیکٹس بتانے کے لئے تیار ہیں، میٹرو بس صرف پنجاب کے لئے نہیں بنائی گئی، آپ کے وزیروں کے گھروں سے اربوں روپے ملیں گے اور کروڑوں روپے کو آگ لگے گی تو لوگ کرپشن کرپشن تو بولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ دھرنے نہ دیتے تو ملک مزید ترقی کرتا، کراچی کا کے فور مکمل ہو چکا ہوتا، آج کراچی کے ساتھ ظلم کا واویلا کرنے والوں نے خود اس شہر کے ساتھ ظلم کیا، الطاف حسین تو لندن بیٹھا ہوا تھا، انہوں نے بارہ مئی واقعے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ آپ تمام مل کر بھی نواز شریف کی مخالفت کرلیں مگر ملک کی مخالفت نہ کریں، مخالفت کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، میڈیا میں کچھ کالی بھیڑیں ہیں جو کسی کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے پرویز مشرف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ کا راگ الاپہ گیا وہاں کے کاغزات میں امریکن کے علاوہ سب کے نام ہیں یہ ایک سازش ہے، نواز شریف کو سی پیک کی سزا دی گئی ہے، عمران خان کی شادی انکا ذاتی مسئلہ ہے شادی کرنا کوئی غلط بات نہیں ہے تاہم اسے چھپانا جائز نہیں ہے، عمران خان چاہتا ہے کہ میں خبروں رہوں، یہ کونسا طریقہ ہے کہ آپ کہتے ہیں کہ میں نیا پاکستان اس لئے بناوں گا کہ میں شادی کرلوں، وہ سنی لیون کی طرح ہر وقت خبروں میں رہنا چاہتے ہیں، کسی کے گھر میں گھس کر ایسا کام نہیں ہونا چاہئے تھا۔

انہوں نے کہا کہ دو ہزار تیرا میں جب ہمیں قومی ایئر لائن ملی تھی تو اس وقت بہت کم جہاز تھے، آج پی آئی اے میں کئی جہاز ہیں، کئی ایسے اسٹیشن کھلوائے جو بند ہوگئے تھے، اسٹیل ملز کی حالت کیا تھی اور اب کیا ہے سب جانتے ہیں، دو ہزار تیرا سے قبل دہشت گردی عروج پر تھی اور امن امان کی صورت حال بدتر تھی، ہم نے صورت حال کو بہتر کیا، سرمایہ کاری ان نامساعد حالات میں بھی کی، تحریک انصاف کو خیبر پختونخواہ نے صرف جلسے دھرنے کے لئے مینڈیٹ نہیں دیا، سی پیک زرداری کے دور میں کیوں نہیں آیا، دنیا نواز شریف پر اعتماد کرتی ہے، آصف زرداری ٹین پرسنٹ مشہور ہیں، ان سے ہاتھ ملاتے وقت اپنی گھڑی اور انگوٹھی کو بچانا پڑتا ہے، بلوچستان میں ہماری حکومت گری تو دیکھیں گے، ابھی گری نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حقیقی کو ڈبل کردیں تو پی ایس پی بن جاتی ہے، نواز شریف سے لڑنا ہے تو سیاسی میدان میں لڑنا ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close