سندھ

سیاسی یتیموں کے ٹولے نے صرف مفاد پرستوں کی بھرتی کی، بلاول بھٹو

سیہون: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سیاسی یتیموں کے ٹولے نے صرف وزیروں، مشیروں اور پیٹ پرستوں کی بھرتی کی، اس کے علاوہ ان کے حصے میں کچھ نہیں آیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر سیہون میں این آئی سی وی ڈی اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیہون شریف انسانیت کیلئے ایک پناہ گاہ ہے، پوری دنیا سے لوگ یہاں آتے ہیں، اس لئے صحت کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے اور ترجیحی بنیادوں پر امراض قلب کا اسپتال قائم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 6 لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالا اور امراض قلب کے علاج کو عام آدمی کی دسترس میں پہنچایا، مہنگے علاج کرانے پر سندھ میں ایک روپیہ بھی نہیں لگتا، گزشتہ 3 برس میں این آئی سی وی ڈی کی صورتحال میں بہت تبدیلی آئی ہے اور آج یہ اسپتال دنیا میں امراض قلب کا سب سے بڑا اسپتال ہے، دنیا بھر میں صرف ڈھائی سو سائبر نائف مشین ہیں، جن میں سے ایک سندھ میں بھی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت نے جو کام کئے، ان کی مثال نہیں ملتی، لیکن پھر بھی کہا جاتا ہے کہ صوبائی حکومت نے کچھ نہیں کیا، میں کہتا ہوں کہ پاکستان کی آزادی کے بعد اگر انسانوں کی ترقی کیلئے کسی نے کام کیا، تو وہ صرف پیپلز پارٹی ہے، سیاسی یتیموں کے ٹولے نے تو صرف من پسند وزیروں، مشیروں اور پیٹ پرستوں کی بھرتی کی، اس کے علاوہ ان کے حصے میں کچھ نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے لاہور میں ایک نامکمل اسپتال کا افتتاح کیا، جس پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ اس نامکمل اسپتال کو بھی پیپلز پارٹی ہی مکمل کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں بہت کام ہوئے، لیکن اس کے باوجود آج بھی مسائل ہیں، جس کا اعتراف کرتے ہیں، لیکن ان کے حل کیلئے ہماری نیت پر شک نہیں کیا جا سکتا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close