سندھ

راؤ انوار کے پیچھے سیاست دان ہیں جو قتل کرواتے ہیں،عمران خان

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نقیب اللہ کے قتل میں ملوث راؤ انوار کے پیچھے سیاست دان ہیں جو اس سے قتل کرواتے ہیں۔کراچی میں نقیب اللہ کے تعزیتی کیمپ میں جرگے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ نقیب اللہ کے ساتھ ظلم ہوا ہے، مجھے پتہ چلا ہے کہ پہلے بھی علاقے میں ایسے جعلی پولیس مقابلے ہوتے رہے ہیں، راؤ انوار جیسے قاتلوں کو کڑی سزا دینی چاہیے، اس کے پیچھے سیاست دان ہیں جو اس سے قتل اور عوام پر ظلم کراتے ہیں، راؤ انوار کے خلاف سب کچھ سامنے آچکا ہے، اب اس کی پشت پناہی کرنے والوں کو سامنے لانا چاہیے۔ چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پولیس کو سیاست دانوں نے خود تباہ کیا ہے، خیبرپختونخوا میں پولیس غیر سیاسی ہے، ہمیں اس نظام کو تبدیل کرنا ہوگا، جب قوم کی حفاظت کرنے والے ہی جرم کرنا شروع کردیں تو اس کا مطلب ہے کہ معاشرے میں بہت بڑی خرابی ہے، اس لئے ہماری جنگ اس نظام کے خلاف ہے، راؤ انوار پولیس کی وردی میں ایک قاتل ہے جس نے 440 بے گناہ لوگوں کو مقابلے میں قتل کیا، اس کو سخت سزا ملنی چاہیے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ راؤ انوار نے بہت سے بے قصور لوگوں کو قتل کیا، مگر نقیب اللہ کے خاندان نے اپنے بیٹے کے قتل کے خلاف آواز بلند کی اور چیف جسٹس پاکستان نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا تاکہ نقیب کو انصاف فراہم کیا جائے، راؤ انوار کو سزا ملنی چاہیے تاکہ آئندہ کسی کے والد کو پولیس کے ہاتھوں اپنے بیٹے کی ہلاکت کی خبر نہ ملے۔قبل ازیں عمران خان معروف شیف مرحومہ زبیدہ آپا اور ڈیفنس میں جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک نوجوان انتظار احمد کے گھر بھی گئے اور تعزیت کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close