سندھ

فاروق بھائی آئیں، کنوینر شپ ملے گی، اختیارات پارٹی آئین کے مطابق ملیں گے، خالد مقبول صدیقی

کراچی: ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ نے فاروق ستار گروپ کے جنرل ورکرز اجلاس کو غیر آئینی قرار دے دیا، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کہتے ہیں کہ کنوینر شپ امانتاً اپنے پاس رکھی ہوئی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار کو پارٹ سمجھتے ہیں، اسپیئر پارٹ نہیں، انہوں نے حقیقی یا پی ایس پی سے مدد نہ مانگنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ نے کراچی میں بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کر دیا، رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پی آئی بی میں ڈاکٹر فاروق ستار گروپ کا جنرل ورکرز اجلاس غیر آئینی قرار دے دیا۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں 13B گراؤنڈ میں منعقدہ جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ جلسہ کسی کو جتانے اور ڈرانے کیلئے نہیں اور نہ ہی کسی کے مقابلے میں کیا گیا ہے، ہم نے ایم کیو ایم توڑنے کے تمام منصوبے ناکام بنا دیئے ہیں، ایم کیو ایم کا مذاق بنا، جس کے ذمہ دار فاروق ستار ہیں، فاروق ستار نے اختیارات کا استعمال کر کے اصولوں کو پامال کیا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وہ فاروق ستار کو دوبارہ پارٹی میں واپس آنے کی پیشکش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیکھنے والے خوفزدہ نہ ہوں، ایسی جمہوریت چاہتے ہیں، جس میں آمریت کی ملاوٹ نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ دیکھنا ہوگا مہاجروں کے حقوق کی جدوجہد کہاں تک پہنچی، فاروق بھائی کا تعلق مجھ سے فروری 1982ء سے ہے، کنوینر شپ امانتاً میں نے اپنے پاس رکھی ہوئی ہے، کنوینر شپ نہیں سنبھالتا، تو دراڑیں مزید گہری ہو جاتیں، سربراہ اختیارات مانگتا نہیں بلکہ دیتا ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ قیادت وہ صلاحیت ہے، جو بصیرت کو حقیقت میں بدل دیتی ہے، فاروق بھائی آئیں، کنوینر شپ ملے گی، اختیارات پارٹی آئین کے مطابق ملیں گے، ڈاکٹر فاروق ستار کو پارٹ سمجھتے ہیں، اسپیئر پارٹ نہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close