سندھ

سندھ پولیس کے افسران کی تربیت کیلئے اسکول آف انویسٹی گیشن کا افتتاح

کراچی: سندھ میں پولیس افسران کو تحقیقات اور تفتیش کی باقاعدہ تربیت دینے کے لئے جرمن حکومت کے تعاون سے مکمل کئے گئے اسکول آف انویسٹی گیشن کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل سندھ پولیس اللہ ڈنو خواجہ نے پولیس ٹریننگ کالج سعیدآباد میں اسکول آف انویسٹی گیشن کا باقاعدہ افتتاح کیا، تقریب میں حکومت جرمنی کے تحت پاکستان کے لئے کریمنل انویسٹی گیٹیو سروسز میں صلاحیت کے فروغ اور سپورٹ فراہم کرنیوالے پروگرام ہیڈ ڈاکٹر اسٹریڈ بوش (DR.ASTRID BOSCH) بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریننگ نے اپنے خطاب میں اسکول آف انویسٹی گیشن کے تحت شعبہ تفتیش کو دی جانے والی تربیت کے جملہ امور کی افادیت اور اہمیت کا تفصیلی احاطہ کیا۔

ڈپٹی قونصل جنرل جرمنی نے اسکول آف انویسٹی گیشن کے قیام اور اس سے شعبہ تفتیش میں ہونے والی مثبت پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہی دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جی آئی زیڈ کے تحت جرمنی کی حکومت سندھ پولیس کی استعدادی صلاحیتوں کو تقویت دینے میں مدد ملے گی۔ آئی جی سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے اور امن کا گہوارہ بنانے میں محکمہ پولیس کے تحت آپریشنل اور انویسٹی گیشن ذمہ داریوں کا انتہائی غیر معمولی بنایا جانا ناصرف ضروری ہے بلکہ دور حاضر میں جرائم کی نت نئی تیکنیکس سے نمٹنے کے لئے وقت کا تقاضہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر پولیس ٹریننگ سینٹرز میں بھی ایسے ہی اسکولز قائم کئے جائیں گے جن کا مقصد انویسٹی گیشن پروسیس اور میکنزم کو معیاری نصاب پر مشتمل تعلیم اور تربیت سے مؤثر بنانا ہے۔

آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ اسکول آف انویسٹی گیشن سے تربیت کے حوالے سے قابل اور فٹنس جیسے معیار پر پورا اترنے والے پولیس افسران کو ہی اہمیت دی جائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریننگ ٹرینرز اور باصلاحیت افسران کی تربیت کی بدولت کامیاب اور مؤثر انویسٹی گیشن مقاصد تک رسائی ممکن ہے اور ہمیں حکومت کی جانب سے فراہم کردہ وسائل کو شفاف طور پر استعمال میں لاتے ہوئے محکمہ پولیس سندھ کی کارکردگی کو مذید بہتری اور کامیابی کی جانب گامزن کرنا ہوگا۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ فارنزک لیب / ایکسپلوزیو لیب کا افتتاح بھی جلد کیا جارہا ہے جبکہ شرجیل کھرل کو اس مقصد کے لئے بطور پروجیکٹ ڈائریکٹر بھی نامزد کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی ٹریننگ پرنسپل ٹریننگ سینٹر کی یہ ذمہ داری ہے کہ اسکول آف انویسٹی گیشن کے مقاصد کے حصول کی خاطر تربیت کے معیار کو اس اونچائی پر لے جائیں کہ جہاں تفتیش کے جملہ پہلوؤں کی کامیابی سو فیصد تک ممکن ہوسکے۔ اس موقع پر انہوں نے (GIZ) کے تحت سندھ پولیس کی معاونت پر ڈپٹی قونصل جنرل کے توسط سے جرمن حکومت کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ جرائم کے خلاف انسدادی حکمت عملی اور لائحہ عمل میں سپورٹ اور معاونت کا عمل جاری رہے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close