Featuredسندھ

کے الیکٹرک کو جتنی گیس چاہیئے اسے ملے گی، وزیر اعظم

وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے مسائل حل کردیئے ہیں اور آج سے کے الیکٹرک کو مطلوبہ گیس کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔ تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس کراچی میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرِصدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا، جس میں گورنر سندھ محمد زبیر، مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری، سوئی سدرن گیس کمپنی اور کے الیکٹرک کے نمائندوں سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی میں لوڈشیڈنگ کے بحران اور اس کی وجوہات پر تفصیلی غور کیا گیا، اس موقع پر سوئی سدرن گیس کمپنی اور کے الکٹرک کے نمائندوں نے اپنا اپنا موقف پیش کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ گیس کی کمی کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی تھی اب نہیں ہوگی، کے الیکٹرک کے مسائل حل کردیئے ہیں اور آج سے کے الیکٹرک کو مطلوبہ گیس کی فراہمی شروع ہوجائے گی، میں نے سوئی سدرن گیس کمپنی کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اور کے الیکٹرک اپنے تمام معاہدے و معاملات کو 15 روز کے اندر حل کریں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں بجلی بحران وفاق اور سندھ حکومت کے کسی تنازعے کا نتیجہ نہیں، تاہم ہم مل کر شہر کے تمام مسائل بالخصوص پانی و بجلی بحران کو حل کریں گے، شہر میں پانی و بجلی دونوں ہی ملیں گے تاہم پہلے بجلی کی جانب توجہ مرکوز ہے کیوں کہ پانی کی فراہمی بھی بجلی سے ہی مشروط ہے، حکومت کا کے الیکٹرک کو سرکاری تحویل میں لینے کا کوئی ارادہ نہیں، جس سسٹم پر 40 فیصد چوری ہورہی ہو اس کے پیسے کون دے گا، جب کراچی میں بجلے کے بل ادائیگی سو فیصد ہوجائے گی تو شہر میں لوڈشیڈنگ بھی ختم ہوجائے گی۔ گرین لائن بس منصوبے کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے کراچی کے لئے وعدے سے بڑھ کر کام کیا ہے، کراچی میں گرین لائن پر وفاق نے اپنے حصے کا کام پورا کردیا تھا، سندھ حکومت کہے تو وفاق گرین لائن منصوبے کے لئے بسیں بھی دینے کو تیار ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close