سندھ

سندھ میں بارش کے دوران بجلی گرنے سے سات ہلاک

پاکستان کے صوبہ سندھ میں بارش کے دوران بجلی گرنے کے واقعات میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ بجلی کی معطلی اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث کراچی میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

کراچی میں منگل کو دن کے وقت شدید گرمی اور گھٹن کے بعد شام کو تمام علاقوں میں بارش ہوئی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں کم از کم 12 ملی میٹر اور زیادہ سے زیادہ 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کی وجہ سے شہر کی مرکزی شاہراہوں، شاہراہ فیصل، ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس کی نکاسی دوسرے روز صبح تک جاری رہی۔

بارش کے دوران کے الیکٹرک کے 100 سے زائد فیڈر ٹرپ ہوگئے، جس کی وجہ سے شہر کے ایک بڑے حصے کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

متاثرہ علاقوں میں نارتھ کراچی، منظور کالونی، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، بلوچ کالونی، ماڈل کالونی، لیاری، ملیر، پی ای سی ایچ ایس، گلشن، اور فیڈرل بی ایریا کے علاقے شامل ہیں۔

کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق شہید بے نظیر آباد میں 40 ملی میٹر، حیدرآباد میں 18، مٹھی اور میر پور خاص میں چھ، چھور میں چار، بدین اور ٹھٹہ میں دو، روہڑی میں 26، سکھر میں 11 اور لاڑکانہ میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

تھر کے تحصیل چھاچھرو کے گاؤں بھورے میں آسمانی بجلی گرنے سے 16 سالہ شریمتی لہراں، اوگی جو پار میں 30 سالہ شریمتی والہاں اور گاؤں راموں بھیل میں 45 سالہ ہرچند اور 18 سالہ کانجی بھیل ہلاک ہوگئے۔

بدین کڑیو گھنور کے گاؤں دلشاد مری میں 25 سالہ میر حسن مری اور ٹھٹہ کے قریب قصبے غلام اللہ میں 25 سالہ عمر ملاح بھی آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوگئے۔

نارتھ کراچی میں بجلی کے کھنبے سے کرنٹ لگنے سے 12 سالہ محمد احمد ہلاک ہوگیا، اسی طرح کورنگی ٹاؤن میں زیر تعمیر گھر کی دیوار گرنے سے تین سالہ بچی شمع فوت ہوگئی۔

محکمۂ موسمیات نے بدھ اور جمعرات کو بھی کراچی میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close