سندھ

قاتل راؤ انوار پہ سندھ سرکار مہربان، ملیر کینٹ کا مخصوص حصہ سب جیل قرار

نقیب اللہ قتل کیس کے مرکزی ملزم راؤ انوار پر خصوصی نوازشوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب ملیر کینٹ کے مخصوص حصے کو ہی سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔ ملزم راؤ انوار کو کراچی منتقلی کے بعد ملیر کینٹ میں سخت سیکیورٹی میں رکھا گیا تھا، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ سماعت میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا تاہم انکشاف ہوا ہے کہ انہیں جیل بھیجنے کے بجائے ملیر کینٹ منتقل کیا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کے فوری بعد محکمہ داخلہ سندھ نے فون کے ذریعے آئی جی جیل خانہ جات کو احکامات جاری کیے کہ راؤ انوار کو سیکیورٹی خدشات ہیں اس لیے ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دیاجائے۔محکمہ داخلہ سندھ کے ٹیلی فون پر ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا، ملیر کینٹ ملتان لائنز کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فکیشن آج عدالت کو موصول ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ بدھ کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی تاہم پولیس نے راؤ انوار کو پیش کرنے کے بجائے ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کردیا ۔ جس میں کہا گیا کہ وہ بیمار ہیں جس کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہوسکتے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close