Featuredسندھ

شہر قائد شدید گرمی کی لپیٹ میں، سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

شہر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جب کہ محکمہ صحت نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران کراچی میں موسم خشک اور شدید گرم ہونے کے ساتھ ساتھ آج درجہ حرارت کے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی تھی۔ شہر میں آج شدید گرمی ہے اور درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے، شہر میں سمندری ہوا بند ہونے سے حبس کی کیفیت ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے مزید بتایا کہ کراچی میں جمعے کے روز بھی درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچے کا امکان ہے جب کہ ہفتے سے شہر کا موسم دوبارہ معمول پر آنے کے امکانات ہیں۔ مزید خبردار کیا گیا کہ مئی اور جون میں موسم معمول سے زیادہ گرم اور خشک رہے گا اور درجہ حرارت بھی معمول سے 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔ یہ بھی پیشگوئی کی گئی ہے کہ مئی اور جون میں اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 45 ڈگری سے بھی اوپر جاسکتا ہے۔
دادو میں پارہ 44، لاڑکانہ اور نوابشاہ میں 43 ڈگری ریکارڈ
محکمہ موسمیات کے مطابق اندرون سندھ بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں دادو میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ لاڑکانہ اور نواب شاہ میں 43، سکھر میں پارہ 42 ڈگری تک گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے اور بعض مقامات پر بارش، ژالہ باری اور آندھی کے امکانات ہیں۔ علاوہ ازیں گرم اور خشک موسم کے باعث اگلے دو ماہ پانی کے ذخائر بھی مسلسل کمی کا شکار رہیں گے۔
اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
گرمی کے پیش نظر محکمہ صحت کی جانب سے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں 3 اور 4 مئی کو ایمرجنسی نافذ رہے گی۔ محکمہ صحت کی جانب سے اسپتالوں میں گرمی سے متاثرہ مریضوں کے لیے خصوصی وارڈ قائم کرنے اور آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close