Featuredسندھ

عمران خان نے کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے دس نکات پیش کردیے

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دس نکات کے ذریعے کراچی کو عظیم شہر بنادوں گا۔ کراچی کے الہٰ دین پارک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں کراچی کے لوگوں کے سامنے دس نکات رکھوں گا جس کے بعد کراچی ایک عظیم شہر بن جائے گا، کراچی وہ شہر تھا جہاں کسی بھی مسئلے کے لیے سب لوگ کھڑے ہوجاتے ہیں اور کراچی کو منی پاکستان کہا جاتا ہے یہ فنانشیل کیپٹل بھی ہے کراچی اوپر جاتا ہے تو پاکستان اوپر جاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ امریکا جاتے ہوئے ایئر پورٹ پر پاکستانی وزیر اعظم کی تلاشی کے لیے کپڑے اتار دیے گئے جب ایک ملک کے وزیر اعظم کی عزت نہیں ہوتی تو اس ملک کے شہری کی کیسے عزت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کی خاطر ہمارے درمیان قومیت کے نام پر نفرتیں پھیلائی گئیں، کراچی وہ جگہ تھی جہاں دبئی سے شیخ چھٹیاں منانے آتے تھے، روشنیوں کا شہر تھا، رات کے کسی بھی پہر کوئی بھی سڑک پر نکل جائے تو کسی کو جان و مال کی فکر نہیں ہوتی تھی لیکن آج ایسا نہیں ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جیسے ہی نیب سندھ یا پنجاب میں کرپٹ لوگوں پر ہاتھ ڈالتا ہے زرداری اور شریف خاندان شور مچانے لگتے ہیں کہ جمہوریت کو خطرہ ہے، مجھ پر ہیلی کاپٹر کیس ہے نیب میرے خلاف تحقیقات کرے میں تو شور نہیں کررہا، ہم الیکشن جیت کر سب سے پہلے کرپشن کے خلاف جنگ کریں گے اور ملک سے باہر لے جایا گیا پیسہ واپس لائیں گے، پاکستانیوں نے صرف دبئی میں 800 ارب روپے کی جائیدادیں خریدی ہیں کیا یہ باتیں نواز شریف، زرداری اور اسحاق ڈار کو نہیں معلوم تھیں؟ جو خود منی لانڈرنگ کریں وہ کیسے دوسروں کو پکڑ سکتے ہیں۔

عمران خان کے کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے دس نکات:

پہلا نکتہ: کراچی کا پانی کا مسئلہ حل کریں گے

کراچی میں پانی کا بڑا مسئلہ ہے، یہاں پانی کے حوالے سے منصوبہ بندی نہیں کی گئی یہاں پانی مافیا بیٹھا ہوا ہے جن کی پشت پر لیڈر شپ ہے، کراچی سمیت تمام شہروں میں میئر کا براہ راست الیکشن کرائیں گے اور ایسے شخص کو آگے لائیں گے جسے انتظام چلانے کا بڑا تجربہ ہوگا جو پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے دنیا بھر سے ماہرین بلائے گا اور منصوبہ بندی کرے گا، اسی لیے میں کراچی سے الیکشن لڑ رہا ہوں۔

دوسرا نکتہ: سرکاری اسکولوں کی بہتری

عمران خان نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کا برا حال ہے، غریب لوگ بھی اپنے بچے پرائیویٹ اسکولوں میں بھیجنے پر مجبور ہیں، یہاں اسکولوں کا نظام ٹھیک کریں گے۔

تیسرا نکتہ: سرکاری اسپتالوں کو ماڈل اسپتال بنائیں گے

پختون خوا میں ہم سرکاری اسپتالوں کو شوکت خانم اسپتال کی طرح چلا رہے ہیں، وہ اسپتال جو 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج کرے اسے بہترین اسپتال کا سرٹیفکیٹ ملتا ہے، کراچی کے سرکاری اسپتالوں کو ماڈل اسپتال بنائیں گے۔

چوتھا نکتہ: پولیس کے نظام میں بہتری

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کراچی میں پولیس کا نظام بہت خراب ہے سیکڑوں لوگوں کو مارنے والے پولیس افسر راؤ انوار کی آصف زرداری تعریف کرتا ہے، کراچی کو راؤ انوار جیسے پولیس آفیسر سے نجات دلائیں گے، ہم الیکشن جیت کر پولیس کا سسٹم بہتر کریں گے اور شہر کو رینجرز کی ضرورت نہیں رہے گی۔

پانچواں نکتہ: کاروباری سرگرمیوں کی بحالی

کراچی کے تاجروں کی بھرپور مدد کریں گے، بیرون ممالک سے یہاں سرمایہ کاری اور کاروبار لے کر آئیں گے تاکہ روزگار ملے اس معاملے میں منصوبہ بندی جاری ہے۔

چھٹا نکتہ: بجلی کے مسئلے کا حل

بجلی کی مکمل بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے، کراچی کو سستی بجلی دلائیں گے، بجل کی چوری کا خاتمہ کریں گے۔

ساتواں نکتہ: کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی

ہمارے 65 فیصد نوجوان 30 سال سے کم عمر ہیں، یہاں کھیلوں کے لیے گراؤنڈ نہیں ہیں، کے پی کے میں 100 نئے گراؤنڈ بنائے ہیں اور مزید بنا رہے ہیں کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے یہاں گراؤنڈ بنانے کے ساتھ ساتھ پارکس بھی بنائیں گے۔

آٹھواں نکتہ: کراچی میں درخت لگائیں گے

دنیا میں گلوبل وارمنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، ہم نے کے پی کے میں ایک ارب درخت لگائے ہیں، کراچی سمیت ملک بھر میں درخت لگائیں گے، سیوریج کا پانی سمندر میں چھوڑا جارہا ہے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائیں گے تاکہ پانی ری سائیکل ہوسکے۔

نواں نکتہ: سرکلر ریلوے کی بحالی

کراچی میں ٹرانسپورٹ کا بہت بڑا مسئلہ ہے، یہاں سرکلر ریلوے بحال کریں گے تاکہ یہ مسئلہ حل ہوسکے۔

دسواں نکتہ: روزگار کی فراہمی

بے روزگاری ایک بیماری ہے نوجوانوں کو روزگار کی بحالی کے لیے اقدامات کریں گے انہیں سستے قرضے دیں گے اور نوکریاں پیدا کریں گے، نچلے طبقے کو روزگار دینے کے لیے جامع پالیسی بنائیں گے۔

 

عمران خان نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو دو بار ’بے بی بلاول‘ پکارتے ہوئے کہا کہ میں بچوں کی تقاریر نہیں دیکھتا لیکن بلاول سے پوچھتا ہوں کہ وہ اپنے والد سے دریافت کریں راؤ انوار نے جو 440 قتل کیے اسے قتل کے احکامات کس نے دیے تھے؟ بلاول کہتا ہے کہ عمران خان کراچی میں الطاف حسین بن جائے گا ؟ مجھے پانچ سال کے پی کے میں ہوگئے کوئی ایک قتل دکھادیں جو میرے حکم پر ہوا ہو۔

 

سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ سندھ میں اگر کوئی آصف زرداری کے خلاف بات کرے تو اس کے خلاف مقدمات درج ہوجاتے ہیں بلاول بیٹا ذرا خیبر پختون خوا میں آکر دیکھیں ہم نے کتنی ایف آئی آر مخالفین کے خلاف درج کرائیں؟ کیوں کہ وہاں کی پولیس پروفیشنل پولیس ہے۔

 

پاکستان کی فوج کے خلاف سازش کی جارہی

عمران خان نے نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ میر جعفر اور میر صادق ہیں جو ذاتی مفادات کے لیے ملک کو داؤ پر لگاسکتے ہیں، پاکستان کی فوج کے خلاف پوری سازش کی جارہی ہے کہ اسے کسی طرح کمزور کیا جائے، نواز شریف کے اس بیان کا مقصد پاکستانی اداروں پر عالمی دباؤ ڈلوانا ہے تاکہ کسی طرح ان کے 300 ارب روپے بچ جائیں جو ان کے بچوں کے نام پر پڑے ہوئے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close