سندھ

کراچی کی ترقی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز پرعزم ہیں، گورنر سندھ

کراچی: گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 25 جولائی 2018 ء کے انتخابات جمہوریت کا تسلسل اور روشن مستقبل کی دلیل ہیں، جمہوریت کے تسلسل سے قومی معیشت مستحکم ، قومی یکجہتی مضبوط،درپیش چیلنجز سے نبر د آزما ہونے اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی معاشی نقشہ پر پاکستان کو نمایاں مقام دلانے کی جانب اہم پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی شہ رگ کراچی کی ترقی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز پر عزم ہیں، عام انتخابات میں کراچی کے عوام بھی شہر کے وسیع تر مفاد میں اپنے نمائندے منتخب کرینگے، شہر میں گذشتہ حکومت نے 75 ارب روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی کام شروع کرائے ، طویل عرصہ سے التواء کا شکار لیاری ایکسپریس وے منصوبہ مکمل کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میئر کراچی وسیم اختر کی جانب سے دعوت افطار کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرنگراں وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمان ، مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماء ، عمائدین شہر اور بلدیہ عظمی کراچی کے مختلف شعبہ جات کے افسران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ کراچی پیکج کے تحت 4 منصوبوں پر کام کا جلد آغا ز ہوگا ان میں فائر ٹینڈرزکی خریداری ، تین فلائی اوور ز ، منگھوپیر روڈ اور نشتر روڈ شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے میئر کراچی کو اختیار ات ملنا چاہئیں کیونکہ وہ شہریوں کے منتخب نمائندے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ 2018 ء کے عام انتخابات کے بعد آنے والی صوبائی حکومت کراچی کو پنجاب کے دیگر شہروں کے برابر لانے کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو اس کے جائز اختیارات دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس افطار میں ہر طبقہ فکر کے افراد کی شرکت شہر کے امن و امان پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں لوگ عبادت اور رب العالمین کی خوشنودی کے لئے ایمانی جذبہ کے تحت نیک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ، کئی دہائیوں کے بعد گذشتہ چند برس سے اس ماہ مبارک شہر میں لوگ بلا خوف و خطر عبادا ت کی ادائیگیوں اور نیک کام میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں ،شہر بھرمیں روح پرور ماحول میں رحمت کے طلب گار روحانی سکون کے لئے خدمت خلق میں مصروف عمل ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ روشنیوں کا شہر مقدس ماہ میں بھرپورانداز میں جگ مگا رہا ہے جبکہ انتخابی سرگرمیوں میں بھی تیزی آرہی ہے ، رمضان المبارک کا مقدس ماہ ہمیں صبر و برداشت ، تحمل اور احساس کا درس دیتا ہے ہمارے معاشرہ سے عدم برداشت کے رویہ کے خاتمہ کے لئے ہمیں ان ہی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہوگا ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close