سندھ

کالعدم تنظیموں سے روابط: مظفر علی شجرہ پیپلز پارٹی سے خارج

کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) نے اپنی جماعت کے فیڈرل کونسل کے رکن مظفر علی شجرہ کو کالعدم تنظیموں سے روابط کے الزام میں پارٹی سے خارج کردیا۔پیپلز پارٹی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق مظفر علی شجرہ کے کالعدم تنظیموں سے روابط کا انکشاف ہوا تھا۔انہوں نے بتایا کہ پارٹی نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے اور کالعدم تنظیموں سے رابطہ رکھنے پر مظفر علی شجرہ کو جماعت سے خارج کیا۔مرکزی میڈیا سیل کے مطابق مظفر علی شجرہ کو اس لیے پارٹی سے نکالا گیا کیونکہ انہوں نے انتخابات میں کالعدم تنظیم کی حمایت حاصل کی تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی تھی، جس میں پاکستان راہ حق پارٹی کے تحت عوام دوست گروپ کے پلیٹ فارم سے متفقہ امیدوار سامنے آئے تھے۔ان امیدواروں میں کالعدم اہل سنت والجماعت کے اورنگزیب فاروقی قومی اسمبلی کی نشست پر جبکہ مظفر علی شجرہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر متفقہ امیدوار تھے۔اس انتخابی پوسٹر کے مطابق این اے 238 پر اورنگزیب فاروقی کا انتخابی نشان استری جبکہ پی ایس 91 پر مظفر علی شجرہ کا انتخابی نشان نلکا تھا۔تاہم اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے پیپلز پارٹی کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان پر کالعدم تنظیموں سے روابط کے الزام لگائے گئے تھے، جس کے بعد پیپلز پارٹی نے فیصلہ کرتے ہوئے مظفر علی شجرہ کو پارٹی سے نکال دیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close