سندھ

سابق ٹیسٹ کرکٹر حنیف محمد انتقال کرگئے

 لٹل ماسٹر حنیف محمد کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے جن کی نماز جنازہ کل بعد نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔ ابتدا میں حنیف محمد کے انتقال کی خبر ان کے صاحبزادے شعیب محمد نے میڈیا کو دی تاہم اسپتال انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حنیف محمد زندہ ہیں اور ان کے دل کی دھڑکن 6 منٹ بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال ہوگئی تھی تاہم چند گھنٹے بعد اسپتال انتظامیہ نے ہی ان کے انتقال کی تصدیق کی۔

لیجنڈری کرکٹر حنیف محمد کراچی کے مقامی اسپتال میں زیرعلاج تھے جہاں انہیں دو روز قبل وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، حنیف محمد کینسر کے مرض میں مبتلا تھے جس کا انہوں نے علاج کرایا جس کے بعد وہ صحت یاب ہوگئے تھے تاہم کئی سال بعد ایک مرتبہ پھر ان کے پھیپھڑوں میں کینسر کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہیں چند روز قبل ہی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

حنیف محمد 21 دسمبر 1934 کو بھارتی ریاست جونا گڑھ میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد کراچی منتقل ہوئے۔ حنیف محمد نے اکتوبر 1952 میں روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور اپنے کیرئیر میں 55 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 12 سنچریوں اور 15 نصف سنچریوں کی بدولت 3 ہزار 915 رنز بنائے۔ حنیف محمد نے اپنے کیرئیر کا آخری ٹیسٹ نیوزی لینڈ کے خلاف 1969 میں کھیلا۔

حنیف محمد پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہیں سب سے طویل اننگز اور ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے، 1957 میں انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 337 رنز بنائے اور کریز پر970 منٹ تک کھڑا رہنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا یہی نہیں انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 499 رنز کی اننگز کھیل کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

حنیف محمد بیٹنگ کے علاوہ بولنگ اور وکٹ کیپنگ میں بھی نمایاں تھے جب کہ انہیں ریورس سوئپ کا موجد بھی کہا جاتا ہے۔ حنیف محمد کے چھوٹے قد کی وجہ سے انہیں کرکٹ سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا تھا لیکن انہوں نے اپنی خدا داد صلاحیتوں کی وجہ سے ناقدین کو ناصرف خاموش کرایا بلکہ لٹل ماسٹر کے نام سے بھی مشہور ہوئے۔

لیجنڈری حنیف محمد کے 4 بھائی وزیر محمد، رئیس محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد جب کہ ایک بیٹا شعیب محمد اور ایک پوتا شہزار محمد کرکٹ سے وابستہ رہے۔ لیجنڈری حنیف محمد نے پی آئی اے، بہاولپور اور کراچی کی ٹیموں کی جانب سے نمائندگی کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close