سندھ

تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے صدارتی انتخاب پر گفتگو

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی نے متحدہ قومی موومنٹ ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز کا دورہ کیا اور ایم کیو ایم رہنماؤں سے صدارتی انتخاب کے حوالے سے گفتگو کی۔ ملاقات کے بعد ایم کیو ایم رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ ایم کیو ایم رہنماؤں سے سندھ اور کراچی کے مسائل پر بات کی، ایم کیو ایم ہماری اتحادی جماعت ہے، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

عارف علوی نے کہا کہ ہم نے اپنی بات ایم کیو ایم کے سامنے رکھی ہے، نئے پاکستان سے متعلق عوام ہماری طرف دیکھ رہی ہے، کراچی کے مسائل کو حل کرنا ہماری ضرورت ہے، بلدیاتی اداروں کے اختیارات سے متعلق ایم کیو ایم کی پٹیشن کی مکمل حمایت کریں گے۔ عارف علوی نے کہا کہ ماضی کے صدور کے مقابلے میں بہتر کارگردگی دکھانے کی کوشش کروں گا، کراچی اور دیگر شہری مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے، سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ آئین کی عکاسی نہیں کرتا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے، اپنے اپنے اصولوں کے ساتھ محدود رہ کر تعاون جارے رہے گا، امید ہے سندھ کے شہری علاقوں کو وسائل ملیں گے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عارف علوی کو پہلے مایوس کیا نہ ہی آئندہ کریں گے، وقت کے ساتھ ساتھ مسائل حل ہو جائیں گے، الیکشن سے متعلق ہمارے تحفظات پرہمیں حق حاصل ہے، ہم اپنے تحفظات ظاہر کرنے پر آزاد ہیں، الیکشن نتائج کے حوالے سے جو تحفظات ہیں اس پر قائم ہیں۔

سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ بہتر پاکستان کے لئے مل کر کام کریں گے، کراچی کی بہتری ملک کی بہتری ہے، کراچی کو جو وسائل ملتے ہیں وہ لوٹ کر پورے پاکستان کو ملتے ہیں، بہتر کراچی ہی بہتر پاکستان ہے، ہمارا پی ٹی آئی سے تعاون آگے بھی جاری رہے گا۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اب تک تحریک انصاف کے ساتھ جو تعاون قومی اسمبلی میں کیا وہ ہر جگہ جاری رہے گا، دماغ سے زیادہ دل کہتا ہے حالات تبدیل ہورہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close