سندھ

ایان سے تعلق جوڑنے پر بلاول کا چودھری نثار کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

لاہور : پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون میں محاذ آرائی شدت اختیار کر گئی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی میدان میں کود پڑے اور وزیر داخلہ کے الزامات کا قانون کی زبان میں جواب دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے وکلاءکو ہدایات دے دیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سیاسی الزامات اور بیان بازی اپنی جگہ کوئی ذات پر حملہ کرے گا تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں میں محاذ آرائی عروج پر پہنچ گئی۔ سیاسی الزامات کے بعد بات ذاتیات پر پہنچ گئی جس کے بعد پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون اب سیاسی میدان کے ساتھ ساتھ قانونی محاذ پر بھی باہم دست و گریباں نظر آ رہی ہیں۔

وزیرداخلہ چودھری نثار نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کا ڈالر گرل ایان علی کے ساتھ تعلق جوڑتے ہوئے ذاتی الزامات عائد کیے۔ چودھری نثار علی خان نے یہ دھمکی بھی دی کہ بلاول بھٹو اور ایان علی کے ہوائی ٹکٹ ایک ہی اکاونٹ سے بنتے ہیں اور وقت آنے پر وہ یہ ثبوت بھی سامنے لے آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی نے قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ وہ وزیر داخلہ کو عدالت لے کر جائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے چودھری نثار علی خان کو پہلا قانونی نوٹس جاری کرنے کے لیے اپنے وکلاءکو ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری ان دنوں یورپ کے دورے پر ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی وکلاءکے ساتھ ساتھ پارٹی رہنماوں سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں اور انہوں نے واضح پالیسی دے دی ہے کہ سیاسی الزامات اور بیان بازی اپنی جگہ کوئی ذات پر حملہ کرے گا تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا بلکہ اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close