سندھ

کراچی، آئندہ ہفتے سمندری طوفان لوبان آنے کا امکان

کراچی کے ساحل کے قریب ہوا کا کم دباؤ ہے جو آئندہ ہفتے تک سمندری طوفان لوبان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کراچی شاہد عباس نے اس حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندری طوفان کی شدت کا اندازہ 8اکتوبر سے پہلے لگانا ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سمندری طوفان کا رخ کراچی کی جانب ہوا بھی تو اسے یہاں پہنچنے میں ہفتہ لگ جائےگا۔

دوسری جانب کراچی میں کل سے شہرکا موسم شدید گرم ہونے کا امکان ہے، ڈائریکٹر محکمہ موسمیات شاہد عباس کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کل سمندری ہوائیں رخ تبدیل کرلیں گی، شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں موسم گرم کرنے کا سبب بنیں گی۔

ڈائرکٹر محکمہ موسمیات شاہد عباس نے یہ بھی کہا کہ ہوا میں نمی کا تناسب اِن دنوں زائد ہے،نمی کا تناسب زائد ہونے سے تاروں کے جوڑ میں اسپارکس ہوجاتے ہیں، لہٰذا کے الیکٹرک کا بجلی کے بریک ڈاؤن کے بارے میں مؤقف درست ہے۔

اس سے پہلے اسی طوفان کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل غلام رسول کی جانب سے یہ بیان آیا تھا کہ خلیج بنگال اور بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ بن رہا ہے جو سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے تاہم ابھی اس کے رخ کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتاہے۔

ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ ابتدائی مراحل میں ہے، سمندری طوفان بننے کی صورت میں اس کا رخ کہاں ہوگا یہ کہنا قبل از وقت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر سمندری طوفان بنتا ہے تو اسے لوبان کا نام دیا جائے گا، محکمہ موسمیات تمام تر صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close