سندھ

کراچی میں عوام کے محافظ ہی ڈکیت بن گئے، تاجرکے گھر پولیس کی لوٹ مار

کراچی: شہر قائد میں پولیس کی 4 گاڑیوں میں 20 اہلکاروں نے کار شوروم کے مالک کے گھر دھاوا بول کر سونا اور نقدی سامان لوٹ لیا۔

کراچی کے علاقے بنارس میں اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں پولیس کی 4 گاڑیوں میں 20 اہلکاروں نے کار شوروم کے مالک شاہ نسیم کے گھر پر یکم اگست کو چھاپہ مارا، پولیس اور سویلین وردیوں میں ملبوس اہلکار دروازے توڑ کر گھر کے اندر داخل ہوئے اور وہاں موجود چوکیدار سے کہا کہ دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی جا رہی ہے۔

ڈکیت پولیس اہلکاروں نے شوروم مالک کی غیر موجودگی میں گھر والوں کو یرغمال بنا کر ان سے بدتمیزی کی اور گھر سے 16 تولے سونا اور ایک لاکھ 70 ہزار روپے نقدی سمیت دیگر قیمتی اشیاء ساتھ لے گئے۔ دوسری جانب گھر کے مالک شاہ نسیم کا کہنا ہے کہ مکمل ریکی کے بعد گھر پر ڈکیتی کی واردات کی گئی، ان کا اندازہ تھا کہ گھر میں 50 سے 60 لاکھ روپے ہوں گے، واقعہ کی اطلاع علاقے کے ایس ایچ او کو دی لیکن انھوں نے سنی ان سنی کر دی اور جب واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج ایس پی آفس میں دکھائی تو پھر 18 روز بعد واقعہ کا مقدمہ درج ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی کئی بار پولیس کی جانب دھمکیاں دی جا چکی ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، امید ہے کہ 48 گھنٹوں کے اندر سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کر لیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close