سندھ

فیصل رضا عابدی کا جرم اکیلے اسکا جرم نہیں بلکہ پوری قوم کا جرم ہے، علامہ حسن ظفر نقوی

حیدرآباد: معروف عالم دین اور خطیب اہل بیت (ع) علامہ حسن ظفر نقوی نے فیصل رضا عابدی کی متعصبانہ گرفتاری کے عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ فیصل رضا عابدی کا جرم اکیلے اس کا جرم نہیں بلکہ پوری شیعہ قوم کا جرم ہے، فیصل رضا عابدی نے ہتھکڑیاں پہن کر سنت حضرت سید سجاد ؑ ادا کر دی، لیکن ہمیں جواب دیا جائے کہ اسلام آباد کے فیض آباد چوک پر بیٹھ کر چیف جسٹس کو گالیاں دینے والا آج تک کیوں گرفتار نہیں کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امامیہ مرکزی ٹرسٹ حیدرآباد میں خمسہ مجالس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جس جرم میں فیصل عابدی کو گرفتار کیا گیا، اس جرم کے مرتکب درجنوں لوگ آزاد دندناتے پھر رہے ہیں، چیف جسٹس ثاقب نثار کا نام لیکر فیض آباد چوک پر گالیاں دی گئیں، جو سارے میڈیا نے نشر کیں، دنیا بھر نے دیکھا، آج بھی ان گالیوں کے ثبوت سوشل میڈیا پر موجود ہیں، کیوں کسی کی جرات نہیں ہوئی اسے پکڑنے کی، کتنے ہی لوگ جو اس عدلیہ کی اینٹ سے اینٹ بجانے کی دھمکی دے چکے، ملک توڑنے کی دھمکیاں دے چکے، غلام مصطفیٰ کھر بھارتی ٹینک پر بیٹھ کر آنے کی دھمکیاں دیتا رہا، انہیں پکڑنے کی کسی کو جرات نہ ہوئی، سارا زور فیصل رضا عابدی پر ہی چلا کیوںکہ یہ سید ہے۔

علامہ حسن ظفر نقوی نے مزید کہا کہ کون سی عدالت، کدھر ہے عدالت، چوروں کا بازار لگا ہوا ہے، چیلنج کرتا ہوں خود جاکر کسی بھی عدالت میں دیکھ لیں، پیسے دیئے بغیر ان عدالتوں میں سائل کو تاریخ نہیں ملتی، عدالتوں کے دروازوں پر چور قسم کے پیشکار بیٹھے ہیں، جو ججوں کے نام پر تاریخ دینے کیلئے رشوت مانگتے ہیں، کیا فیصل رضا عابدی ہی مجرم ہے، اس ملک کو توڑنے کی باتیں کرنے والے آزاد ہیں، بڑی بڑی مچھلیاں آزاد ہیں، لیکن محب وطن بیٹا جو ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی بات کرتا ہے، اسے قید کر دیا گیا۔

علامہ حسن ظفر نقوینے فیصل رضا عابدی کے اہل خانہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ فکر نہ کریں، فیصل عابدی تنہا نہیں، اس کی گرفتاری اتنی آسانی سے ہضم نہیں ہونے دیں گے، میں نے آج سے ابتداء کر دی ہے، اب سب بولیں گے، کوئی بولے یا نہ بولے یہ میثمی زبان جو میرے منہ میں ہے، جب تلک کٹ نہیں جاتی مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کے خلاف چلتی رہے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close