سندھ

وزیراعظم عمران خان کو چین سے کچھ نہیں ملا، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی کنٹینر اور چین میں تقریر ایک جیسی تھی اور انہیں چین سے کچھ نہیں ملا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ کراچی کی صورتحال زیادہ خراب تھی، ہم پولیس کے پہرے میں ہائی ویز پر سفر کرتے تھے لیکن سندھ حکومت کی محنت سے امن و امان بہتر ہوا، شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے رینجرز کو خصوصی اختیارات دیئے اور آج صورتحال بہت بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھر کا دورہ کریں وہاں کی خوبصورتی اور ترقی متاثر کرے گی، مشرف کے دور میں تھر گیا تھا، کراچی سے اس وقت 8 گھنٹے سے زیادہ لگے تھے مگر اب سڑکیں بہت اچھی ہیں، یہ پی پی حکومت کی محنت ہے، مٹھی اسپتال کو بہت بہتر کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نیب کا نام لئے بغیر کہا کہ سرکاری افسران کو خوف کھا گیا ہے، اب آپ کو خوف کے ماحول سے نکالنا ہے، نہیں تو کچھ نہیں کرسکیں گے، ہمیں گورننس کے سنجیدہ مسائل ہیں۔ مراد علی شاہ نے نیب کے سلوگن "سے نو ٹو کرپشن” پر بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس سلوگن سے ظاہر ہوتا ہے ہم سب کرپٹ ہیں، کرپشن کا خاتمہ سلوگن سے نہیں ہوگا بلکہ اچھی گورننس سے ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فواد چوہدری کبھی کسی کی تعریفیں کرتے تھے، آج کسی اور کی کررہے ہیں جب کہ ہم کہتے ہیں کہ ہم ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں تو کہتے ہیں این آر او مانگ رہے ہیں۔ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کے دورہ چین سے متعلق کہا کہ چین سے وزیراعظم کو کچھ نہیں ملا، ان کی کنٹینر اور چین میں تقریر ایک جیسی تھی، وزیراعظم پاکستان کے لئے چین گئے، امید تھی کہ چین میں سندھ کے لئے بھی بات ہوگی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close