سندھ

سندھ حکومت قانون سازی کی بجائے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر تسلط چاہتی ہے، خرم شیر زمان

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ پر دسیوں سال حکومت کرنے والے قانون سازی کی بجائے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر تسلط چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا کام قانون کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوتا ہے، اسے اپنا غلام بناکر رکھنا نہیں، جب قانونی نظام مضبوط ہوگا تو سیاستدانوں کو مداخلت کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، سندھ حکومت کو ایسے قوانین بنانے چاہئیں کہ نظام خود بخود چلے، ڈکٹیشن کی ضرورت نہ پڑے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی وجہ سے یہ ناجائز تجاوزات کا مسئلہ پیدا ہوا، اس پر قانون سازی سندھ حکومت کا فرض تھا، آج بھی قانون سازی کی بجائے سندھ حکومت آئی جی سندھ سے تبادلوں اور تقرریوں کا اختیار واپس لینے پر بضد ہے، تحریک انصاف چاہتی ہے کہ پولیس کو سیاست سے آزاد کرکے بااختیار بنایا جائے، تقرریوں اور تبادلوں کے اختیارات محکمہ داخلہ کو دینا پولیس کو غلام بنانے کی طرف ایک قدم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو سیاستدانوں کے اثر و رسوخ میں رکھا گیا تو سندھ میں امن و امان کا خواب پورا نہیں ہوسکے گا، ہم اس معاملے کے خلاف سندھ اسمبلی میں آواز بلند کریں گے، سندھ حکومت آئی جی سندھ کے اختیارات نہیں چھین سکتی، تحریک انصاف اس فیصلے کی سخت مذمت کرتی ہے اور پی ٹی آئی ایسا نہیں ہونے دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام پولیس کو بااختیار، پیشہ ورانہ اور سیاست سے آزاد چاہتے ہیں، خیبر پختونخواہ پولیس ایکٹ 2017ء کے بعد پولیس سیاست سے آزاد ہوگئی، آج کے پی کے پولیس پورے پاکستان کی پولیس کے لئے مثال ہے، سندھ میں بھی اسی طرح کی قانون سازی کی جائے، پولیس کے اس نئے قانون کو عوام نے بھی بڑا سراہا ہے، اس قانون سازی سمیت سندھ حکومت کے ہر اچھے اقدام میں اپوزیشن ان کا ساتھ دے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close