سندھ

کراچی سرکلر ریلوے کی اراضی آپریشن میں تاخیر، غیر قانونی تعمیرات نہ رک سکیں

کراچی: سرکلر ریلوے کی اراضی پر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی میں تاخیر کے باعث گلشن اقبال، ناظم آباد، نیپا، گلستان جوہر میں ریلوے اراضی پر تعمیرات اور فروخت کا عمل جاری ہے، قبضہ مافیا کی نشاندہی کے باوجود شہری اور صوبائی حکومتوں کی مشینری صرف سروے تک محدود ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر کراچی بھر میں تجاوزات کے خلاف شہری حکومت کا عملہ کارروائیوں میں مصروف ہے، تاہم دوسری جانب کراچی میں سرکلر ریلوے کی اراضی پر تجاوزات کے خلاف آپریشن میں مسلسل تاخیر کی جارہی ہے۔

اس ضمن میں کئے جانیوالے سروے میں معلوم ہوا ہے کہ سرکلر ریلوے پر قائم غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی میں تاخیری حربوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قبضہ مافیا عام افراد کو رہائشی اور تجارتی مقاصد کے لئے کی گئی تعمیرات تاحال فروخت کررہی ہے، یہ فروخت ایک اسٹامپ پیپر پر ہورہی ہے اور اس کے لئے ایک ایسی لیز تیار کی جارہی ہے جس کی تصدیق نہ تو ریلوے کے حکام کرسکتے ہیں اور نہ ہی کے ڈی اے یا کچی آبادی کے حکام۔

سروے میں معلوم ہوا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کے گلشن اقبال میں قائم گیلانی ریلوے اسٹیشن، نیپا، ناظم آباد، مجاہد کالونی، لیاقت آباد تک ساڑھے تین ایکڑ اراضی اور اردو یونیورسٹی سے لے کر جامعہ کراچی تک ریلوے کی سوا چار ایکڑ اراضی پر تجاوزات قائم ہیں۔

مذکورہ مقامات پر قیمتی عمارتیں، دکانیں، پٹرول پمپس، سروس اسٹیشن اور اسکول بھی بنے ہوئے ہیں، جبکہ مذکورہ علاقوں میں ریلوے کی مین لائن اور اس کے قریب بعض مقامات پر جھونپڑیاں اور جھاڑیاں بھی موجود ہیں، جنہیں قبضہ مافیا اپنے مقاصد کے لئے ہی استعمال کرتی ہے۔ سروے میں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں موجود ریلوے کی اراضی کو دیگر مقامات سے قیمتی تصور کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں سرکلر ریلوے کی اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کے لئے سپریم کورٹ نے متعدد بار احکامات دیئے اور اس دوران شہری و صوبائی حکومتوں کے ساتھ ریلوے حکام بھی سرگرم ہوئے، تاہم ہر بار نامعلوم وجوہات کی بناء پر تجاوزات کا سروے کرنے کے بعد انہیں ہٹانے میں تاخیر کی جاتی رہی اور یہی وجہ ہے کہ سرکلر ریلوے کی اراضی پر موجود قبضہ مافیا نے حالیہ نوٹس کو بھی اتنا سنجیدہ نہیں لیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close