سندھ

ملکی اداروں کے تقدس کو پامال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر

حیدرآباد: جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ ناموس رسالت (ص) کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، ملکی اداروں کے تقدس کو پامال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ وہ جے یو پی کے صاحبزادہ محمود احمد قادری، ڈاکٹر محمد یونس دانش، عبدالرؤف الوانی، محمد عالم قریشی اور محمد اقبال میمن پر مشتمل ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے۔

صاحبزادہ محمد زبیر نے کہا کہ ناموس رسالت (ص) کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، ختم نبوت (ص) اور ناموس رسالت (ص) کے قوانین سے چھیڑ چھاڑ کی گئی تو پاکستان کے عاشقان مصطفےٰ (ص) کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی اداروں کے تقدس کو پامال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، عوام اہلسنت نے ہمیشہ ملکی مفاد اور اداروں کے تقدس کا احترام کیا ہے، اہلسنت کی ہمیشہ پرامن پالیسی رہی ہے جسے کسی صورت سبوتاژ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو علماء مشائخ ملک کی سلامتی اور اداروں کے تقدس کے خلاف ہونے والی کسی سازش میں شریک نہیں، ان کی بلا جواز پکڑ دھکڑ چھاپے اور گرفتاریوں سے عوام اہلسنت میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔

صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے کہا کہ حکمران تدبرکا مظاہرہ کریں، علماء اہلسنت نے تحریک پاکستان میں گراں قدر خدمات انجام دیں ہیں اور قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ مل کر پاکستان کی تعمیر میں بھرپور حصہ لیا ہے جو روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پیر جماعت علی شاہ قادری، علامہ شاہ عبدالعلیم صدیقی، عبدالحامد بدایونی، ابوالحسنات محمد احمد قادری، علامہ محمود احمد رضوری، پیر مہر علی شاہ چشتی، علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی، مولانا عبدالستار خان نیازی اور پروفیسر سید شاہ فرید الحق سمیت سینکڑوں علماء و مشائخ نے ہمیشہ پاکستان کے وقار کو بلند کرنے اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں ہیں جو تاریخ کا سنہری باب ہے، آج بھی علماء و مشائخ اور عوام اہلسنت تصور بھی نہیں کرتے کہ وہ پاکستان کے اداروں کے خلاف کسی شرانگیزی کا حصہ بنیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close