سندھ

نہ کوئی گھر توڑا نہ توڑنے دیں گے، غلط تاثر دیا جارہا ہے، میئر کراچی

کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ ان کا مینڈیٹ نالوں اور سڑکوں سے تجاوزات ہٹانا ہے، نہ کوئی گھر توڑا اور نہ کسی کو توڑنے دیں گے، اس حوالے سے غلط تاثر دیا جارہا ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ نالوں، پارکوں، سڑکوں، صدر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کے ایم سی، وفاقی اور سندھ حکومت کو وقت دیا ہے کہ مل بیٹھیں اور کل صبح ساڑھے 8 بجے رپورٹ جمع کرائیں تاکہ مزید احکامات دیے جاسکیں۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اپیل کی گئی کہ گھروں کو توڑا جارہا ہے جس پر میں نے کہا کہ میرا مینڈیٹ نالوں اور سڑکوں سے تجاوزات ہٹانا ہے، گھر توڑنا نہیں، نہ کوئی گھر توڑا ہے نہ کسی کو توڑنے دیں گے۔

میئر کراچی نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھیں گے اور کراچی سے قبضہ مافیا کو ختم کرتے ہوئے شہر کو اصل شکل میں بحال کریں گے۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ دکانداروں کو متبادل جگہ دی جائے، کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کو تجاوزات ہٹانے کی ذمہ داری دی گئی ہے، سندھ حکومت متاثرین کو متبادل جگہ دے۔

میئر کراچی نے کہا کہ پارکس عوامی مقامات ہیں یہ لوگوں کے کاروبار کی جگہ نہیں، سڑکوں، فٹ پاتھ، پارکس سے تجاوزات ختم کی جائیں گے اور جتنے نالوں اور پارکس پر تجاوزات ہیں وہ سب ہٹائی جائیں گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close